ناظم آباد کے رہائشی نوجوان کو رات کے اندھیرے میں گھر سے گرفتار کے لا پتا کر دینا انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے،حافظ نعیم الرحمن

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 22:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2017ء)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ناظم آباد کے رہائشی نوجوان مصعب عبد القادر کو رات کے اندھیرے میں گھر سے گرفتار کے لا پتا کر دینا انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے ۔قانون نافذ کر نے والے اداروں کا یہ عمل بنیادی انسانی حقوق اور آئین اور قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔

حکومت مصعب عبد القادر اور اس جیسے تمام لاپتا افراد کو فی الفور رہا کرے اور عام شہریوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کا سلسلہ بند کیا جائے ۔یہ بات انہوں نے ناظم آباد میں مصعب عبد القادر کی والدہ اور اہل ِ خانہ سے ملاقات میں کہی ۔اہلِ خانہ نے بتایا کہ مصعب کو 19اکتوبر کو رات 3بجے گھر سے قانون نافذ کر نے والے اداروں نے گرفتار کیا اور تاحال کوئی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

رینجرز، پولیس اور دیگر حکام سے بار بار رابطہ کیا گیا مگر کہیں سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا ۔ مصعب کی والدہ نے بتایا کہ وہ ایک محب وطن ،ذمہ دار شہری اور اپنے شعبے کا ماہر تعلیم یافتہ نوجوان ہے جو کبھی کسی قسم کی غیر قانونی سر گرمیوں میںملوث نہیں رہا ۔اس کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے مصعب کے اہل ِ خانہ سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ یہ کاروائی سراسر غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہے ۔

ایک ایسا ملک جس میں آج آئین اور قانون کی بالا دستی کی بات کی جارہی ہے اس میں شہریوں کی شخصی آزادیوں کو پامال کر نا انتہائی مذموم عمل ہے جسے کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جاسکتا ۔اس طرح کی ماورائے عدالت کاروائیوں سے لوگوں کے اندر تشویش اور اشتعال پیدا ہورہاہے جسے ختم کر نے کی ضرورت ہے ۔#