ٹورنٹو ایئر پورٹ پر طیارے سے ایندھن بھرنے والی وین ٹکرانے کے باعث پی کے 798 کی روانگی میں سولہ گھنٹے کی تاخیر ہوئی‘ ترجمان پی آئی اے

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 22:22

ٹورنٹو ایئر پورٹ پر طیارے سے ایندھن بھرنے والی وین ٹکرانے کے باعث پی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) ٹورنٹو ایئر پورٹ پر طیارے سے ایندھن بھرنے والی وین ٹکرانے کے باعث پی آئی اے کی ٹورنٹو سے آنے والی پرواز پی کے 798 کی روانگی میں سولہ گھنٹے کی تاخیر ہو گئی ہے۔ ہفتہ کو ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق پرواز میں تاخیر کے متعلق مسافروںکو مطلع کر کے ان کو ہوٹل میں رہائش فراہم کر دی گئی ہے جبکہ متاثرہ بوئنگ 777 طیارے کو مرمت کے لئے ہینگر بھجوا دیا گیا جہاں پر ایئر کینیڈا کا عملہ اس کی ضروری مرمت کا کام انجام دے گا۔

(جاری ہے)

پی آئی اے نے ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کو گرائونڈ ہینڈلنگ فراہم کرنے والی ایجنسی کے ساتھ اس واقعہ کی تحقیق کے متعلق رابطہ کیاہے۔ ترجمان نے بتایا کہ طیارے کی خرابی کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔ اسلام آباد سے مانچسٹر کے لئے روانہ ہونے والی پرواز پی کے 701 کی روانگی تاخیر کا شکار ہو گئی جس کی وجہ مذکورہ بوئنگ 777 طیارے کی خرابی ہے لیکن پی آئی اے نے متبادل انتظامات کے ذریعے شیڈول میں معمولی تبدیلی کر کے پی کے 701 چار گھنٹے اور تیس منٹ کی تاخیر سے ہفتہ کی شام سات بجے مانچسٹر کے لئے روانہ ہو گئی۔ پی آئی اے نے مسافروں کو آپریشنل وجوہات کی بناء پر پروازوں میں ہونے والی تاخیر پر معذرت کی ہے۔