سیالکوٹ میں ماڈل قبرستان کیلئے اراضی کا انتخاب کر لیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 22:22

سیالکوٹ میں ماڈل قبرستان کیلئے اراضی کا انتخاب کر لیا گیا ہے، ڈپٹی ..
سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا ہے کہ شہر خموشاں اتھارٹی کے تحت سیالکوٹ میں ماڈل قبرستان کیلئے اراضی کا انتخاب کر لیا گیا ہے،اسی نوعیت کے پراجیکٹس دیگر تحصیلوں میںبھی شروع کئے جائیں گے جبکہ اندورن شہر نئے قبرستان کیلئے اراضی کے حصول کیلئے میئر میونسپل کارپوریشن کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے شہر خموشاں اتھارٹی کے تحت ماڈل قبرستان کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی ریونیو اصغر جوئیہ، اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس ،میئر سیالکوٹ توحید اختر چوہدری، ایم این اے چوہدری ارمغان سبحانی، ایم پی ایز چوہدری اکرام ، رانا عبدالستار، رانا لیاقت علی ، چوہدری طارق سبحانی،محسن اشرف، ذوالفقار غوری،رانا طارق، گلناز شجاعت پاشا، شبینہ زکریا وائیںو دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے شہر خموشاں اتھارٹی کے تحت پہلے فیز میں جن شہروں میں ماڈل قبرستان بنانے کی منظوری دی ہے ان میں سیالکوٹ بھی شامل ہے، حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ماڈل قبرستان کیلئے شہر کے قریب ترین موضع لدھا میں6ایکٹر اراضی کا انتخاب کیا گیا ہے ، یہ اراضی شہر کے قریب ترین ہونے کے ساتھ مین روڈ پر واقع ہے ۔

انہوںنے بتایا کہ شہر خموشاں اتھارٹی کے تحت اس قبرستان میں میت کو رکھنے کیلئے کولڈ سٹوریج، مرد و خواتین میت کو غسل کیلئے الگ الگ جگہ، جنازہ گاہ، ایمبولینس، جنازہ میں شرکت کیلئے عزیز و اقارب کو لیجانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت ، ، قبرستان کی دیکھ بھال کیلئے سٹاف موجود ہوگا۔ انہوںنے بتایاکہ مستقبل میں ڈسکہ، سمبڑیال اور پسرور میں بھی اسی نوعیت کے منصوبہ جات کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔

انہوںنے بتایا کہ اندورن شہر نئے قبرستان کیلئے اراضی کے انتخاب اور عطیات کے حصول کیلئے میئر میونسپل کارپوریشن توحید اختر چوہدری کی سربراہی میں کمیٹی میں اے سی سیالکوٹ شاہد عباس، ایم پی ایز چوہدری اکرام اور رانا عبدالستار شامل ہونگے، ضلعی انتظامیہ کمیٹی کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر طرح کی معاونت فراہم کرے گی۔