حکومت معیشت کی بہتری اور ملکی استحکام کیلئے بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے،ملک ادیب اعوان

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 22:22

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت معیشت کی بہتری اور ملکی استحکام کے لئے بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے‘ ملکی ترقی کے لئے معاشی ، معاشرتی اور سیاسی استحکام ناگزیر ہے‘ سی پیک کی وجہ سے دنیا امید بھری نگاہوں سے اس خطے خاص طور پر پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما ملک ادیب اعوان نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے معاون خصوصی عثمان عباسی کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ راہداری سے فائدہ اٹھانے کے لئے پوری آمادگی کے ساتھ تیاری کی ضرورت ہے ۔ اس تناظر میں ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ ماہرین تیار کئے جارہے ہیں تا کہ اقتصادی راہداری کی فعالی کے بعد وطن عزیز اور اس خطے میں صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے نوجوانوں کی بہترین ٹیم موجود ہو جو مستقبل کی ذمہ داریاں سنبھال سکے او ر اس سلسلہ میں ہمیں غیروں کی طرف نہ دیکھنا پڑے ۔