فاروق احمد بجارانی کے فرنٹیئر کور میں تبادلے پر الوداعی تقریب

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 22:03

رحیم یار خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) ڈی پی او ذیشان اصغر نے کہا ہے کہ اے ایس پی فاروق احمد بجارانی نے بطور سرکل پولیس آفیسر بہترین خدمات سر انجام دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکل پولیس آفیسر خان پور فاروق احمد بجارانی کے فرنٹیئر کور میں تبادلے پر الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ الوداعی تقریب میں ڈی سی سقراط امان رانا ، ایس پی شاہ نواز ، ڈی ایس پیز محمد مسعود گجر ، مہر ناصر ثاقب ، جاوید اقبال باجوہ ، خالد مسعود بھٹی ، شاہد نیاز ، چوہدری محمد اصغر اسسٹنٹ کمشنرز ڈاکٹر عدنان خان بٹانی ، عبدالرئوف مہر ، احمد رضا ، عامر حسین و دیگر مہمان گرامی شریک ہوئے ۔

ڈی پی او ذیشان اصغر نے کہا کہ اے ایس پی فاروق احمد بجارانی کی بطور سرکل پولیس آفیسر خان پور خدمات شاندار رہیں انہوں نے پولیس سروسسز کے ہر شعبہ میں ایک منجھے ہوئے پولیس آفیسر کی طرح کام کیا اور ایک بہترین منتظم ہونے کا ثبوت دیا ۔

(جاری ہے)

جرائم پیشہ کے خلاف کارروائیاں ، نیشنل ایکشن پلان اور اہم تہوار پر سکیورٹی انتظامات کے موقع پر کارکردگی مثالی رہی انہوں نے کہا کہ وہ جہاں بھی جائیں گے امید ہے کہ اپنی کارکردگی اور خدا داد صلاحیتوں کے بل بوتے پر ہمیشہ ہر میدان میں سرخرو رہیں گے ۔

اس موقع پر موجود دیگر افسران اور مہمانوں نے بھی شاندار الفاظ میں انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کے مستقبل کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ یاد گار کے طور پر ڈی پی او ذیشان اصغر ، ڈی سی سقراط امان رانا اور ایس پی انوسٹی گیشن شاہ نواز نے اے ایس پی فاروق احمد بجارانی کو شیلیڈیں پیش کیں جبکہ دیگر مہمانوں نے بھی انہیں گلدستے پیش کر کے رخصت کیا ۔