پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالتے ہی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کام شروع کیا‘ ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے لیے اہم و موثر اقدامات کیے‘ ملکی معیشت روز بروز مستحکم ہو رہی ہے‘ ملک سے توانائی بحران کا خاتمہ کیا جا رہا ہے‘ وہ دن دور نہیں جب ملک سے اندھیروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنا دیا جائے گا

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اقتصادی امور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 21:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اقتصادی امور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالتے ہی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کام شروع کیا‘ ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے لیے اہم و موثر اقدامات کیے‘ ملکی معیشت روز بروز مستحکم ہو رہی ہے‘ ملک سے توانائی بحران کا خاتمہ کیا جا رہا ہے‘ وہ دن دور نہیں جب ملک سے اندھیروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنا دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی کے لیے برآمدات میں اضافے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے‘ موجودہ حکومت نے ٹیکس محصولات میں اضافے کے لیے بھی اہم و موثر اقدامات کیے اور ٹیکس محصولات میں اس اضافے کی وجہ سے صوبوں کو 1900ارب روپے منتقل ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالا تو صوبوں کو 1200ارب روپے دئیے گئے تھے جبکہ ہم نے اس سال صوبوں کو 1900ارب روپے سے بھی زیادہ دئیے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پچھلے 4 سالوں میں 10 ہزار میگا واٹ کے بجلی کے نئے منصوبے شروع کیے اور اس بجلی کو قومی گرڈ سسٹم میں شامل کیا۔ اگلے سالوں میں 20 ہزار میگا واٹ بجلی کے اور منصوبے بھی لگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی پیداور میں اضافہ کر دیا ہے اور لائن لاسز پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بلاشبہ ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا۔ پاکستان کے دوردراز علاقوں کے بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع بھی ملیں گے جس سے ملک و قوم ترقی کرے گا اور آگے بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ہی کے ادوار میں لاہور تا اسلام آباد اور دیگر موٹر ویز بنیں اور ملک بھر میں موٹر ویز کا جال بچھایا گیا جس سے آج عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ ایل این جی منصوبوں کے لیے بھی سب سے سستا ٹرمینل اور پائپ لائن بچھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آئی اس نے عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جن کی تکمیل سے ملک وقوم نے ترقی کی اور یہاں خوشحالی آئی یہی وجہ ہے کہ عام انتخابات سمیت تمام ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں بھی عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں پر ہی اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کامیاب کرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والے ملک کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 2013ء میں جب ہم نے اقتدار سنبھالا ملک بھر میں دہشت گردی عروج پر تھی جبکہ کراچی اور بلوچستان میں تو حالات کافی کشیدہ تھے لیکن ہماری قیادت نے انسداد دہشت گردی کے لیے موثر اقدامات کیے اور انہی اقدامات ہی کی بدولت کوئٹہ اور کراچی میں امن آیا اور آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے کافی بہتر اور پر امن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے شروع کیے جن کی تکمیل سے آج عوام مستفید ہو رہے ہیں اور ہم پرعزم ہیں کہ 2018ء کے عام انتخابات اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے اور دوبارہ حکومت بنانے میں کامیاب ہوں گے۔