کام نہ کرنیوالوں کی محکمہ صحت میں کوئی جگہ نہیں ،کسی گائناکالوجسٹ کو گھر بیٹھے خصوصی الاؤنس نہیں ملے گا ‘ خواجہ عمران نذیر

صرف ناگزیر وجوہات کی بناء پر مریض کو سرکاری ایمبولینس کے ذریعے بڑے ہسپتال منتقل کیاجائے،آپریشن تھیٹر میں بند موبائل بھی لیجانے پر پابندی ،راوی دیگر صوبوں کے ہیلتھ سسٹم بارے سب چین لکھ رہاہے ‘صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 21:49

کام نہ کرنیوالوں کی محکمہ صحت میں کوئی جگہ نہیں ،کسی گائناکالوجسٹ کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہاہے کہ کام نہ کرنے والو ں کی محکمہ صحت میں کوئی جگہ نہیں ہے اور جو لوگ کام کئے بغیر یا گھر بیٹھے تنخواہ لینا چاہتے ہیں وہ اپنے لئے کوئی اور کام تلاش کرلیں ،کسی گائناکالوجسٹ کو گھر بیٹھے خصوصی الاؤنس نہیں ملے گا ،صرف ناگزیر حالات میں مریض یا حاملہ خاتون کو بڑے ہسپتال ریفر کیاجائے اور ایسا کرتے وقت مکمل ڈاکومنٹیشن کی جائے اور صرف پیشنٹ ریفرل سروس ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے ہی مریض کو شفٹ کیاجائے ۔

وہ ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے ماہانہ اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان ، سپیشل سیکرٹری ڈاکٹر فیصل ظہور ، ڈائریکٹر آئی آر ایم انی سی ایچ پروگرام ڈاکٹر مختار حسین سید ، ایڈیشنل سیکرٹریز ، پی ایم یو کی ٹیم ، پی آئی ٹی بی کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی -اجلاس میں تمام ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی کارکردگی اور ضلع و تحصیل کی سطح پر ہیلتھ انڈیکیٹرز کا جائزہ لیاگیا-خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ جو کام کرے گا غلطی بھی اسی سے ہوگی -انہو ںنے کہاکہ دیگر صوبوں کے شعبہ صحت کے بارے میں راوی چین ہی چین لکھ رہاہے لیکن خرابیاں صرف پنجاب میں تلاش کی جارہی ہیں -انہو ں نے کہاکہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پنجاب کا ہیلتھ سسٹم بہترین سروس سرانجام دے رہاہے - یہی وجہ ہے کہ راولپنڈی ، لاہور ، اٹک ، ملتان اور بہاولپور کے ہسپتال ہزارہ، ایبٹ آباد، کے پی کے اورسندھ کے مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کررہے ہیں - خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہسپتال صوبہ کے 12 کروڑ عوام کے علاوہ دیگر صوبوں سے آنے والے مریضوں کو بھی علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرتے ہیں - خواجہ عمران نذیر نے میڈیا کی تنقید کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ مثبت اور اصلاحی تنقید سے سسٹم کی خامیوں کی نشاندہی ہوتی ہے جس سے کمی کوتاہی کو دور کرنے کا موقع ملتا ہے تاہم کسی ایجنڈے کے تحت تنقید برائے تنقید عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچاتی -خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی کانفرنس بلانے کا مقصد ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانا اور سسٹم کی خامیوں کو درست کرنا ہے -انہو ںنے کہاکہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پیشنٹ ریفرل سسٹم سرکاری سطح پر تشکیل دیاگیاہے - خواجہ عمران نذیر نے تاندلیانوالہ تحصیل ہسپتال سے حاملہ خاتون کو فیصل آباد الائیڈ ہسپتال ریفر کرنے کے حوالے سے بتایا کہ اس بارے میں غلط انفارمیشن دی گئی کہ مریضہ کو ٹی ایچ کیو ہسپتال میں چیک نہیں کیاگیا حالانکہ اصل صورتحال یہ ہے کہ مریضہ کا ٹی ایچ کیو ہسپتال تاندلیانوالہ میں ڈاکٹرز نے معائنہ کیا اور بلڈ ٹیسٹ کے مطابق خاتون کا ہوموگلوبن بہت کم تھا جس سے بچے اور ماں دونوں کی جان کو خطر ہ ہوسکتا تھا لہذا ڈاکٹرز نے بہتر میڈیکل کور فراہم کرنے کے لئے ایس او پی کے مطابق پیشنٹ ریفرل سروس 1122 ایمبولینس کے ذریعے خاتون کو ریفر کیا جس کے دوران راستہ میں ایمبولینس کے اندر ڈلیوری ہوگئی - خواجہ عمران نذیر نے آپریشن تھیٹر میں بند موبائل لیجانے پر پابندی لگاتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز کے علاوہ اگر کوئی اہلکار بھی ایسا کرے تو اس کے خلاف بھی ایکشن لیاجائے گا -اجلاس میں تمام ڈی ایچ کیو ، ٹی ایچ کیو ہسپتالو ںکی کارکردگی ، ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار ، سٹاف کی حاضری ، ادویات کی پریکیورمنٹ اور مریضوں کی سہولیات کے لئے اقدامات بارے رپورٹ بھی پیش کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :