سکردو روڈ انٹرنیشنل معیار کے مطابق تعمیر کیا جائیگا اس منصوبے کی تعمیر سے گلگت بلتستان کے مابین دوریاں ختم ہوں گی

سیاحت کو فروغ ملے گا بلتستان کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی ،دفاعی اعتبار سے بھی یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی گفتگو

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 21:58

سکردو روڈ انٹرنیشنل معیار کے مطابق تعمیر کیا جائیگا اس منصوبے کی تعمیر ..
غذر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت سکردو روڈ انٹرنیشنل معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے گا اس منصوبے کی تعمیر سے گلگت بلتستان کے مابین دوریاں ختم ہوں گی سیاحت کو فروغ ملے گا بلتستان کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی دفاعی اعتبار سے بھی یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

چند شکست خوردہ عناصر نے گلگت سکردو روڈ کے نام پر عوام میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی لیکن گلگت سکردو روڈ پر عملی طور پر کام کا آغاز ہونے اور موبلائزیشن کیلئے درکار رقم فراہم کئے جانے کے بعد عوام میں مایوسی پھیلانے والے ان عناصر کو ناکامی ہوئی ہے، گلگت بلتستان میں 33ارب سے زیادہ کی رقم سے تعمیر ہونے والی گلگت سکردو روڈ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے، ہمارے حکومت کی کوشش ہے کہ 2020ء تک گلگت سکردو روڈ کی تعمیر کا کام مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

پہلی مرتبہ صوبے میں انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کی سڑکیں تعمیر کی جارہی ہے اسی لئے حکومتی سطح پر بھی دوپیور مشینوں کی خریداری عمل میں لائی جارہی ہے، گلگت نلتر ایکسپریس وے 3ارب کی خطیر رقم سے تعمیر کی جارہی ہے جس سے صوبے میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور عوام کی معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت سکردو روڈ کی تعمیر کے حوالے سے ایف ڈبلیو او کے گروپ کمانڈر برگیڈیئر تنزیل الرحمن کی جانب سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت سکردو روڈ فیزIمکمل ہونے کے بعد دوسرے فیز میں انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق اس شاہراہ کو خپلو تک تعمیر کیا جائے گا۔ پہلی مرتبہ صوبے کے ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت سے قبل مکمل کئے جارہے ہیں۔ سی پیک کے تناظر میں گلگت بلتستان میں ہنرمند افرادی قوت کے مواقع موجود ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی سطح پر تکنیکی اینڈ ووکیشنل سلیبس تیار کیا جارہاہے اسی حوالے سے مقامی افراد کومختلف تکنیکی تعلیم کی فراہمی کیلئے ایف ڈبلیو او گلگت بلتستان میں ٹیکنیکل سنٹر قائم کرے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

گلگت بلتستان کی ترقی میں ایف ڈبلیو او کا ہمیشہ سے کلیدی کرداررہا ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی دورہ سکردو کے موقع پر کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور وزیر اعظم پاکستان کو متعلقہ ادارے کی جانب سے گلگت سکردو روڈ کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

اس موقع پر گروپ کمانڈر ایف ڈبلیو او برگیڈیئر تنزیل الرحمن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ گلگت سکردو روڈ کی تعمیر کیلئے 7مختلف مقامات پر کیمپ بنائے گئے ہیں سکردو روڈ کی ڈیزائننگ آخری مراحل میں ہے اس وقت شاہراہ کی کٹنگ کا کام جاری ہے اس اہم شاہراہ کی تعمیر کیلئے موبلائزیشن مکمل ہوئی ہے سردیوں میں بھی کام جاری رکھاجائے گا۔ ڈیڑھ ماہ میں شاہراہ پر آر سی سی پلوں کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔ گلگت سکردو روڈ انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق تعمیر کی جارہی ہے۔