ایم کیو ایم پاکستان کا کراچی سمیت سندھ کے شہروں کیلئے ترقیاتی پیکجز کی منظوری اور فنڈز کے اجراء کے اعلانات کا خیرمقدم

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے شہروں کیلئے ترقیاتی پیکجز کی منظوری اور اکتوبر 2017ء کے اوخر تک فنڈز کے اجراء کے اعلانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے شہر بہت عرصے سے ان اقدامات کے متقاضی تھے۔

(جاری ہے)

ان اعلانات پر سندھ کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی بالخصوص کراچی کے وہ عوام جو مسائل سے ستائے ہوئے ہیں انہیں یہ امید ہو چلی ہے کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ فراہمی و نکاسی آب سمیت دیگر بلدیاتی مسائل اب حل ہوجائیں گے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور ان کے رفقاء خراج تحسین کے مستحق ہیں کہ ان کی انتھک محنت اور سیاسی تدبر کے باعث کراچی کے عوام کو یہ بڑا ریلیف ملنے جارہا ہے۔ اراکین سندھ اسمبلی نے وفاقی حکومت اور وزیر اعظم پاکستان کا سندھ کے عوام اور ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔