چین کاپاکستان میں تعینات اپنے سفیر پر حملے کے خدشے کا اظہار،وزارت داخلہ کو خصوصی مراسلہ ارسال

ای ٹی آئی ایم نامی دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھنے والا عبدالویلی پاکستان میں داخل ہو چکا ہے،گرفتار کر کے حوالے کیا جائے‘ نجی ٹی وی

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 21:53

چین کاپاکستان میں تعینات اپنے سفیر پر حملے کے خدشے کا اظہار،وزارت داخلہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) پاکستان میں چینی سفارت خانے نے اپنے سفیر پر حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے مدد مانگ لی ،مطلوبہ دہشت گرد کے تمام کوائف فراہم کرتے ہوئے اسے گرفتار کرکے چین کے حوالے کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان میں چین کے سفارت خانے نے انٹیلی جنس اطلاعات پر اپنے سفیر پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ کو خصوصی مراسلہ بھی بھیجا گیا ہے جس میں متعلقہ حکام سے چینی سفیر کی حفاظت کے لیے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری پنگ ین ینگ فائی کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چینی سفیر پر حملے کے لئے دہشت گرد پاکستان میں داخل ہو چکا ہے، جس کا نام عبدالویلی ہے اور اس کا تعلق ای ٹی آئی ایم نامی دہشت گرد تنظیم سے ہے۔

(جاری ہے)

مراسلے میں دہشت گرد کے شناختی کوائف اور اس کا پاسپورٹ بھی بتایا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی درخواست کی گئی ہے کہ مطلوبہ دہشت گرد کو فوری طور پر گرفتار کرکے اسے چین کے حوالے کیا جائے تاکہ وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکے اور اس منصوبہ بندی میں شامل دیگر دہشتگردوں تک پہنچا جاسکے۔واضح رہے کہ سن وی ڈونگ نے بطور سفیر پاکستان میں 3 برس تک اپنے فرائض انجام دئیے اور وہ گزشتہ دنوں سبکدوش ہوگئے ان کی جگہ چین نے یاوجینگ کو نیا سفیر مقرر کیا ہے۔