جنرل ہسپتال غلام محمد آباد الائیڈ وڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے بوجھ میں سہارا بن رہا ہے، مریضوں اور ان کے لواحقین کی آسائش اور سہولیات کا ہرممکن خیال رکھا جائے ، وزیرمملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی محمد اکرم انصاری

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 20:56

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) وزیرمملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی محمد اکرم انصاری اورڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے طبی سہولیات کاجائزہ لینے کے لئے گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کا دورہ کیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عباس علی اوردیگر ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے ہسپتال میں گائنی،لیبر روم،ایمرجنسی لیبرروم،آپریشن تھیٹر،زنانہ و مردانہ وارڈزاور دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیااورزیرعلاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان سے ہسپتال کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیرمملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی محمداکرم انصاری نے کہا کہ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہا ہے جو مریضوں کے علاج معالجہ کے حوالے سے الائیڈ وڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے بوجھ میں سہارا بن رہا ہے جسے مکمل ائیر کنڈیشنڈ بنایا گیا ہے جبکہ یہاں علاج معالجہ کی جدید سہولیات بھی دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں 52نئے ڈاکٹرز بھرتی کئے گئے ہیں جبکہ پیرامیڈیکل سٹاف کی بھرتیاں بھی کی جارہی ہیں جس سے ہسپتال کو سٹاف کی کمی کے مسائل حل ہونگے ۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے کہا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کی آسائش اور سہولیات کا ہرممکن خیال رکھا جائے تاکہ صحت کے شعبے میں حکومتی اقدامات کے ثمرات حقیقی معنوں میں عام مریضوں تک پہنچ سکیں۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ادویات کے حصول اور مختلف شعبوں میں طبی معائنے کے لئے مریضوں کے رش کے پیش نظرموثراقدامات کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ انفارمیشن ڈیسک پر اضافی سٹاف متعین کرنے کے ساتھ ساتھ مریضوں ولواحقین کی رہنمائی کے نظام کو مزید بہتر بنایاجائے۔

انہوں نے شعبہ گائنی میں خواتین کے لئے دستیاب طبی سہولیات کاجائزہ لیا اور کہا کہ وارڈ میں مریضوں کے لئے ون ونڈو اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے ٹراما سنٹر میں صفائی کی ناقص صورتحال پربرہمی کااظہار کیااور کہا کہ صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں اور ڈھکن والے کوڑے دان استعمال کئے جائیں ۔ڈپٹی کمشنرنے کارڈیک مانیٹرز کی تنصیب کا عمل جلد مکمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجہ کے عمل میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ہسپتال کے ایک حصہ میں ٹوٹی ٹائلز کو فوری تبدیل کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ وارڈ بوائز ڈیوٹی پر متحرک نظر آنے چاہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ائیرکنڈیشنڈ چالو رکھنے اور سی سی ٹی وی کیمرے فنکشنل رکھنے کی ضرورت پربھی زوردیا۔انہوں نے ڈینگی کائونٹرکا دورہ کرکے دستیاب ادویات اوردیگرضروری امورکابھی جائزہ لیا۔ایم ایس نے ہسپتال کے طبی وانتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی۔