حکمران کرپشن اور لوٹ مار کی علامت بن چکے، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے فوری عام انتخابا ت کرائے جائیں، نیب شریف خاندان سے دوستانہ کھیل کھیل رہی ہے ،میاں برادران نے اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی ختم نہ کی تو ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہہے

تحریک انصاف کی رہنما و سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان کاکارکنوں سے خطاب

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 20:38

حکمران کرپشن اور لوٹ مار کی علامت بن چکے، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران کرپشن اور لوٹ مار کی علامت بن چکے ہیں اور ان کے اقتدار کا ایک ایک دن غریب عوام کو مزید مشکلات اور بحرانوں کا شکار کررہا ہے اور یہ ملک کو دیوالیہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں لہٰذا ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کو فی الفور الیکشن کروادینے چاہئیں، نیب شریف فیملی سے دوستانہ کھیل کھیل رہی ہے اگر میاں برادران نے اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی ختم نہ کی اور اپنی موجودہ روش کو برقرار رکھا تو ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچنے کا شدید خطرہ ہے۔

وہ ہفتہ کو سمبڑیال کے موضع کوٹلی نوناں میں تحریک انصاف کے راہنما و وائس چیئرمین یونین کونسل الیوالی چوہدری عمر احسان گھمن کی رہائش گاہ پر تحریک انصاف کے کارکنوں سے ظہرانہ کی تقریب پر خطاب کر رہی تھیں ،اس موقع پر عمر فاروق مائر ،قاری ذوالفقار سیالوی، بیرسٹر جمشید غیاث ،ملک نذر حسین ایڈووکیٹ، اسد اللہ رندھاوا، جمشید اسلم چیمہ، اعجاز احمد ورک، چوہدری محمد امین مہر، میاں منیر، نسیم گھمن ،ارسل وقار گھمن، میاں عمران شاہد، خلیل احمد باجوہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکم امتناعی پر پنجاب پرچلنے والی حکومت کا کوئی ایسا دن نہیں گزرا جب کرپشن اور نا اہلی کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا مگر پنجاب کے حکمران ہر روز قوم کو بیوقوف بنانے کیلئے گڈ گورننس کے دعوے کرتے رہتے ہیں ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں اکانومی کمزور ہورہی ہے اس وقت موجودہ حکومت 75بیلین قرضہ لے چکی ہے ،نواز شریف اپنی دولت بچانے کی خاطر اس ملک کا جغرافیہ تبدیل کرنے کے درپہ ہیں ان کی کوشش ہے کہ پاکستان کی معیشت مزید کمزور ہو تاکہ یہ بتا سکیں کے ان کے دور میں معیشت مضبوط تھی جب مجھے نکالا تو اس وقت معیشت کمزور ہوئی ہے حالانکہ اس کا وزیر خزانہ اسحاق ڈار جو کہ ذہنی طور پر مفلوج ہوچکا ہے ،731ریگولیٹری اشیاء پر ڈیوٹی لگا دی گئی ہے جو غریب عوام کو مزید مہنگائی کی چکی میں پیسنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیب شریف فیملی سے دوستانہ کھیل کھیل رہی ہے اگر میاں برادران نے اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی ختم نہ کی اور اپنی موجودہ روش کو برقرار رکھا تو ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچنے کا شدید خطرہ ہے ۔جبکہ اس موقع پر چوہدری عمر احسان گھمن نے فردوس عاشق اعوان کو بھینس کا تحفہ بھی دیاجو بعد ازاں انہو ں نے پی ٹی آئی کے کارکن خلیل احمد باجوہ کو تحفہ دے دی۔