پارٹی نے حکم دیا تو وہ این اے 60 کا الیکشن ضرور لڑیں گے۔ صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع چکوال

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 20:02

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع چکوال کے صدر سردار اظہر عباس نے ہفتے کے روز بتایا کہ پارٹی نے اگر حکم دیا تو وہ این اے ساٹھ کا الیکشن ضرور لڑیں گے۔ اس وقت میری پہلی ترجیح سردار اشرف خان مرحوم کا ووٹ بنک بحال کرنا اور پیپلز پارٹی کو تحصیل، سٹی اور یونین کونسل کی سطح تک منظم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

قاضی غلام علی کی موجودگی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اظہر عباس نے کہا کہ بے شک ضلع چکوال میں پیپلز پارٹی کا جیالہ نظر نہیں آتا تھا مگر اب الحمد اللہ آہستہ آہستہ یہ جیالہ دوبارہ باہر نکل رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انشاء اللہ آئندہ سال جنوری یا فروری میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو چکوال میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور انہیں یقین ہے کہ اس وقت تک پیپلز پارٹی کا تمام جیالہ نہ صرف میدان عمل میں موجود ہوگا بلکہ آنے والے عام انتخابات میں ضلع چکوال کی تمام نشستوں پر ہم اپنے مضبوط امیدوار بھی اتاریں گے اور ہم خیالوں کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ بھی کریں گے۔