حضرت بہا ء اللہ کے 200ویں یوم پیدائش کے حوالے سے لاہور میں خصوصی تقریب

بہائی کمیونٹی امن،بھائی چارہ اور اخوت کے مشن کو آگے پھیلانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے ‘خلیل طاہر سندھو حضرت بہا ء اللہ کی تعلیمات میںانسانیت کی خدمت اور ایک متحد دنیا کو فروغ دینا شامل ہے‘صوبائی وزیر انسانی حقوق

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ حضرت بہا ء اللہ کی تعلیمات میں دنیا کے تمام طبقات کو اکٹھا کرنا ہے اور ن کی تعلیمات کا دائرہ کار نہایت وسیع ہے، حضرت بہا ء اللہ کی تعلیمات میں ہر قسم کی ذات پاک سے ہٹ کر دکھ درد میں پسی ہوئی انسانیت کی مدد کرنا، اقتصادی انصاف کو فروغ دینا ،ایک متحد دنیا کی تعمیر کی کوشش شامل ہیں،حضرت بہا ء اللہ کبھی سکول نہیں گئے مگر ان کی ذہانیت اور روحانیت کی تمام دنیا قائل ہے اور وہ انسانیت کی خدمت کے باعث غریبوں کے مسیحا کہلاتے تھے۔

ہفتہ کو صوبائی وزیر نے حضرت بہاء اللہ کی 200ویں یوم پیدائش کے موقع پر فلیٹیز ہوٹل لا ہور میں ایک تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کو فیسز آف پاکستان اور بہائی کمیونٹی نے مشترکہ طور پر ملکر منعقد کیا۔ممبر آف بہائی انٹرنیشنل کمیونیٹی ڈاکٹر روہیہ مفیدی نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ بہائی کمیونیٹی کا مقصد اتحاد،بھائی چارہ اور امن کو فروغ دینا ہے۔

صدر فیسز آف پاکستان جاوید ولیم نے کہا کہ محبت اور بھائی چارہ کو بنیادبنا کر تمام انسانوں کو ایک مرکز پرلانا ہی بہائی عقیدہ ہے اور اس حوالے سے بہائی کمیونیٹی ایک کلیدی کردار نبھا رہی ہے۔صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کو معزز پیدا کیا ہے اور حضرت بہاء اللہ فرماتے ہیں کہ : ہم نے تمہیں ایک ہی مٹی سے تخلیق کیا ہے تاکہ ہم خود کو دوسروں پر ترجیح نہ دیں:اگر ہر مرد اور عورت اس بات کو سمجھ جائے تو دنیا کے تمام لوگ متحد ہو جائیں۔

انکی تعلیمات میں جسمانی وجود کے حقیقی مقصد کا استعمال بتایا جا تا ہے،ان کے قول کے مطابق: ہر صاحب بصیرت پر لازم ہے کہ ابدی حقیقت پر نظر جمائی:جسم مادی ہے جبکہ روح ابدی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بہائی کمیونٹی اپنے اردگرد کے لوگوں میں امن،بھائی چارہ اور اخوت کے پیغام کو پھیلارہی ہے اورپاکستان کی ترقی اورخوشحالی میںبہائی کمیونٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرر ہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر حضرت بہاء اللہ کے 200ویں یوم پیدائش کو منانے کے لئے مشترکہ طور پر کیک کاٹا گیا اور صوبائی وزیر کو فیسز آف پاکستان اور بہائی کمیونیٹی لاہور کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :