صفائی کے پیغام کو ہر ممکن پلیٹ فارم پر مقبول بنانے کی البیراک کی کاوشیں جاری رہیں گی‘ترجمان البیراک

الحمرا میں برٹش کونسل کے ثقافتی شو کے دوران بھی صفائی آپریشن کااہتمام

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء)البیراک ویسٹ مینجمنٹ صفائی کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ہر سطح پر کوشش کو جاری رکھے ہوئے ہے اس سلسلے میں ہفتہ کے روزیو سی 126کے چیئرمین شیخ نعیم سے البیراک کمیونیکیشنز ٹیم نے ملاقات کی، میٹنگ کے دوران بیگم پورہ کے علاقہ میں صفائی کے انتظامات کے حوالے سے چئیرمین کو آگاہ کیا گیا جبکہ نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے ممکنہ تجاویز بھی زیرِ غور آئیں۔

البیراک ٹیم نے یوسی چیئرمین کے ہمراہ علاقے کا دورہ کیا اور گھر گھر دستک دے کر صفائی آگاہی مواد علاقہ مکینوں میں تقسیم کیا۔ جبکہ دوسری جانب الحمرا ہال، مال روڈ میں برٹش کونسل کی جانب سے منعقدہ ثقافتی شو ’’-ہیریٹیج نائو - ‘‘کے دوران صفائی کے امور بنھانے کے لیے بھی البیراک صفائی عملہ پیش پیش رہا۔

(جاری ہے)

البیراک سینٹری سٹاف نے الحمراء گرائونڈاور راہداریوں میں صفائی کے ساتھ ساتھ کوڑا کرکٹ بھی اٹھایا جبکہ احاطے میں نصب کیے گئے مجسموں اور مورتیوں کو بھی خصوصی آپریشن کے دوران صاف کیا گیا۔

البیراک کی جاری سرگرمیوں کے حوالے سے البیراک ترجمان کا کہنا تھا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد ہر ممکن طریقے سے صفائی کے پیغام کو عام کرنا اور ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے اور مستقبل میں بھی یہ کاوشیں اسی طرح جاری رہیں گی۔