فخرے کراچی آصف خان امن کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید چار میچوں کے فیصلے ہوگئے

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 19:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) سوسائٹی برادرز فٹبال کلب کیماڑی کے زیراہتمام کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں جاری ٹورنامنٹ فخرے کراچی آصف خان امن کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید چار میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ان میچز میں چنیسر بلو نے ینگ پرنس کو1-0 سے، ماڑی پور گرین نے برما محمڈن کوپنالٹی ککس پر 11-10سے، کلری اسٹار نے پنالٹی ککس پر اسامہ اسپورٹس کو4-3 سے اور ماڑی پور بلوچ نے ینگ پنجگور کو 2-1سے شکست دیدی۔

پہلے میچ میں چنیسر بلو نے ایک سخت مقابلے کے بعد ینگ پرنس کو1-0 سے قابو کرلیا۔ کھیل کا آغاز تیزرفتاری سے ہوا، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے کئی اچھی موومنٹ بنائی لیکن گول کرنے میں کوئی بھی ٹیم کامیاب نہیں ہوسکی۔پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

(جاری ہے)

دوسرے ہاف میں چنیسر بلوکے فاروڈز دانیال نی55 ویں منٹ میں گو ل اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں 1-0سے سرخرو کردیا۔

ینگ پرنس نے گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ان کو کامیابی نہیں مل سکی۔ دوسرے میچ میں ماڑی پور گرین نے برما محمڈن کو مقررہ وقت میں مقابلہ1-1 گول سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی ککس پر 11-10سے شکست دیدی۔ پہلے ہاف میں ماڑی پور گرین کی جانب سی20 ویں منٹ میں آدم نے گول کرکے اپنی ٹیم کو1-0 کی برتری دلوادی ،وقفے پر ماڑی پور گرین 1-0سے جیت رہی تھی۔

دوسرے ہاف میں برما محمڈن نے جوابی حملے کھیل کی52 ویں منٹ میں فاروڈ غنی نے گول کرکے مقابلہ1-1 گول سے برابر کردیا۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پنالٹی ککس کا سہارا لیا گیا جس میں ماڑی پور گرین نے برما محمڈن کو 11-10سے مات دی۔ تیسرے میچ میں کلری اسٹار نے پنالٹی ککس پر اسامہ اسپورٹس کو4-3 سے زیر کرلیا۔ کھیل کے پہلے ہاف میں برتری حاصل کرنے والی اسامہ اسپورٹس میچ جیتنے میںکامیاب نہیں ہوسکی۔

اسامہ اسپورٹس کو پہلے ہاف کی25 ویں منٹ میں جنید نے گول کرکی1-0 کی برتری دلوادی ۔پہلے ہاف میں اسامہ اسپورٹس کی ٹیم 1-0سے جیت رہی تھی۔ دوسرے ہاف میں کلری اسٹار نے اسامہ کے گول پر اٹیک کرتے ہوئے کھیل کی50 ویں منٹ میں سرور کے گول کی بدولت مقابلہ1-1 گول سے برابر کردیا۔ ریفری نے جب اختتامی وسل بجائی تو مقابلہ 1-1گول سے برابر ہونے کے بعد پنالٹی ککس پر کلری اسٹار نے اسامہ اسپورٹس کو4-3 سے ہرادیا۔

چوتھے میچ میں ماڑی پور بلوچ نے ینگ پنجگور کو 2-1سے شکست دیدی۔ پہلے ہاف میں ماڑی پور بلوچ کی طرف سے کھیل کی20 ویں منٹ میں شاکر نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو1-0 کی سبقت دلوادی ۔پہلے ہاف کے اختتام پر ماڑی پور بلوچ کو1-0 کی برتری حاصل تھی ۔ دوسرے ہاف کی55 ویں منٹ میں عادل سخی نے گول داغ کر اپنی ٹیم کی برتری کو2-0سے دگنا کردیا۔ ینگ پنجگور کی ٹیم تو خود گول نہ بناسکی لیکن ایک اون گول کی بدولت ینگ پنجگور کا خسارے کو2-1 کردیا۔ریفری واسع، آصف شیخ، سلیم فیض، کریم، اسٹنٹ ریفریز نور محمد نورا، عنصر استاد، صادق شاہ، میچ کمشنر ادریس،ابراہیم ، میڈیا کوارڈنیٹر محمد سلیم سماء تھے۔

متعلقہ عنوان :