قو می وطن پارٹی کے یوم تاسیس کی تیاریوں کے سلسلے میں کیو ڈبلیو پی پشاور کا اجلاس

29اکتوبر کو پارٹی کی یوم تاسیس کو بھر پور انداز میں منائیں گے، سکندرشیرپائو

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 19:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) قو می وطن پارٹی کے یوم تاسیس کی تیاریوں کے سلسلے میں کیو ڈبلیو پی ضلع پشاور کا ایک اجلاس وطن کور پشاور میں زیر صدارت صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پائومنعقد ہوا اجلاس میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر، ضلع پشاور کے چیئرمین حاجی محمد شفیع دائودزئی،جنرل سیکرٹری حاجی سیف اللہ خان کے علاوہ ضلعی عہدیداروں اور پارٹی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اجلاس میں پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے مختلف تجاویز سامنے آئے اور متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ 29اکتوبر کودلہ زاک چوک رنگ روڈ پشاور میں پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر بھرپور قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا اور جلسہ میں ضلع کے کونے کونے سے جلوسوں کی شکل میں شرکت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سکندرشیرپائو نے کہا ہے کہ 29اکتوبر کو پارٹی کی یوم تاسیس کو بھر پور انداز میں منائیں گے۔

انہوں نے پارٹی کی تمام تنظیموں اور ورکروںکو ہدایات جاری کی کہ وہ پارٹی کے پانچویں یوم تاسیس کے جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور توانائیوں کو بروئے کار لا کر اہم اور کلیدی کردار ادا کرے۔ملکی اور سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مثالی تعلقات خطے میں امن کے قیام اور بے چینی کے خاتمے کیلئے انتہائی ضروری ہے کیونکہ جب تک خطے میں بد امنی کی فضاء قائم رہے گی تب تک خطہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا لہٰذا امن کے قیام کیلئے پاکستان اور افغانستان کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہیں۔

موجودہ صورتحال میں پختونوں کو بد امنی کے ساتھ ساتھ سماجی و معاشی مسائل کا بھی سامنا ہے جبکہ بد قسمتی سے صوبائی اور وفاقی حکومتیں پختونوں کے مسائل و مشکلات کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہیں جس کی وجہ سے یہاں پر پائی جانے والی مایوسیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے مشکلات کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔

انھوں نے کہا کہ پختون ملک کی دوسری بڑی آبادی ہیں اور انھوں نے قومی استحکام کیلئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں لہٰذا ان کو جائز مقام نہ ملنا بڑی ناانصافی ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ان کے حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔اجلاس میں پارٹی کے مرحوم جنرل کونسلر اقبال خان آف وڈ پگہ کی مغفرت کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :