چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا تحصیل کمپلیکس تخت بھائی کا مختصر دورہ ، بار روم سمیت نئی بلڈنگ کا جائزہ لیا

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 19:24

تخت بھائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ یحییٰ خان افریدی نے ہفتے کے روز تحصیل کمپلیکس تخت بھائی کا مختصر دورہ کیا۔ وہ ہفتے کے روز مختصر دورے پر تخت بھائی آئے جہاں انہوں نے تحصیل کمپلیکس میں بار روم کے نئے بلڈنگ کا جائزہ لیا اور وکلاء کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، ڈسٹرکٹ سیشن جج مردان سبحان شیر، سینئر سول جج مردان عاصم ریاض ، بار ایسوسی ایشن تخت بھائی کے صدر قمر زمان خان ایڈوکیٹ، جنرل سیکرٹری عثمان غنی ایڈوکیٹ اور دیگر ججز و وکلاء کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی، اس موقع پر بار روم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ خان افریدی نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر معاشرے کے بگاڑ کا سبب بنتی ہے جبکہ بعض وقت عجلت میں کیے گئے فیصلے بھی مظلوم کو انصاف سے محروم کر دیتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ غریب اور مظلوم افراد کو بروقت انصاف کی فراہمی میں ججز اور وکلاء اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاہم وکلاء اپنے پیشے کے ساتھ ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوم طبقے اور سچائی کا ساتھ دیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں ججز اور وکلاء کی مشکلات کا احساس ہے تاہم ججز عجلت میں فیصلوں سے گریز اور بروقت انصاف فراہمی میں کردار ادا کرتے ہوئے بروقت کیسز نمٹائیں ،تقریب سے بار ایسوسی ایشن کے صدر قمرزمان خان ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس یحییٰ خان افریدی نے وکلاء کے مطالبے پرتحصیل کمپلیکس میں اضافی سول جج کی تعیناتی، بار روم کے لیے کمپیوٹر لیب و انٹرنیٹ کی سہولت سمیت لائبریری کے لیے کتابیں فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔