پا کستان پر ستر سال سے کرپٹ مافیا مسلط ہے،کرپشن میں ملوث مافیا نے پاکستان کی دولت لوٹ کر باہر کے بینکوں میں منتقل کی

نوے ارب ڈالر پاکستان واپس لائے گئے تو ملک کی حالت بدل سکتی ہے، صوبائی امیر جماعت اسلامی مشتاق احمد خان کا شمولیتی جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 19:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہہ پاکستان پر ستر سال سے کریمنل مافیا مسلط ہے۔ کرپشن میں ملوث مافیا نے پاکستان کی دولت لوٹ کر باہر کے بینکوں میں منتقل کی،ان حکمرانوں کے نوے ارب ڈالر صرف سوئیس بینکوں میں پڑے ہیں جبکہ پانامہ، برطانیہ ، دبئی اور امریکہ میں پڑی دولت اس کے علاوہ ہے،نوے ارب ڈالر پاکستان واپس لائے گئے تو ملک کی حالت بدل سکتی ہے،کرپٹ حکمران مختلف ناموں اور پارٹیوں کی صورت میں مسلط ہیں۔

جماعت اسلامی اس مافیا کے خلاف جدوجہد کررہی ہے، پاکستان ٹوبیکو بورڈ کسان دشمن ادارہ ہے، پاکستان ٹوبیکو بورڈ تمباکو کاشتکاروں اور زمینداروں کے مفادات کے تحفظ کی بجائے کمپنیوں اور کارخانہ داروں کے مفادات کا تحفظ کررہا ہے،سرپلس کا اعلان ستمبر کی بجائے اگست میں کیا گیا جس کی وجہ سے تمباکو کم قیمت میں فروخت ہوا ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو صوابی گراؤنڈ میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔

قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے نمائندوں کی وجہ سے صوابی کے تمباکو کاشتکار اور زمیندار قرضوں میں ڈوبے ہوئے اور خودکشیوں پر مجبور ہیں،300ارب روپے کی تمباکو کی تجارت ہوتی ہے جس پر حکومت 135ارب روپے ٹیکس کی مد میں وصول کرتی ہے۔صوابی کے تمباکو کسانوں پر ظلم بند کیا جائے، حکومت کاشتکاروں کے نقصانات کی تلافی کرے۔ این آر وی تمباکو کو مسترد کرنے کو تسلیم نہیں کرتے، ڈاؤن ٹریڈنگ کی بنیاد پر تمباکو نہ خریدنے کی تلافی کی جائے،پاکستان ٹوبیکو بورڈ سرمایہ دار اور کارخانہ دار کے مفادات کی بجائے کاشتکاروں اور زمینداروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ استحصالی طبقے نے ملک کو گھیرا ہوا ہے۔ ایک طرف ہم سے ترقی چھینی اور دوسری طرف ہمارے عقیدے پر حملہ آور ہے۔ رانا ثناء اللہ کو قادیانی نواز بیان دینے پر وزارت سے برطرف کیا جائے۔ عقیدہ ختم نبوتؐ ہمارے ایمان کی بنیاد ہے، قادیانیوں کو بھائی کہنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے،ہم ان کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خلافت راشدہ کے نظام کے لئے بنا لیکن بدقسمتی سے ستر سال سے اس ملک کو اسلام اور خلافت راشدہ کے نظام سے محروم رکھا گیا۔

بدامنی، غربت، پسماندگی اور امریکی غلامی خلافت راشدہ اور اسلامی نظام سے دوری کی وجہ سے ہے۔ جماعت اسلامی خلافت راشدہ کے نظام کے لئے کوشاں ہے۔ جماعت اسلامی کی اسلام اور عوام کی سیاست کرتی ہے۔ ہم ایسی سیاست پر لعنت بھیجتے جس کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے اپنی جیب اور تجوری بھرنا ہو۔ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ شمولیتی جلسہ عام سے جماعت اسلامی ضلع صوابی کے امیر محمود الحسن، نائب امیر ضلع سعید زادہ، اشاعت التوحید والسنة کے سربراہ مولانا طیب طاہری اور جے آئی یوتھ ضلع صوابی کے صدر ظفر بخاری نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ عام میں مختلف پارٹیوں سے درجنوں افراد ، دو آزاد تحصیل کونسلروں اور کئی علماء نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔