جدید طبی ریسرچ کے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے ، ڈاکٹر جمال ناصر

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 19:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) پاکستان اکیڈیمی آف فیملی فزیشنز پائینرزراولپنڈی /اسلام آباد اور شمالی پنجاب کے زیر اہتمام دوسری دوروزہ مڈایئر نیشنل کانفرنس برائے فیملی میڈیسن2017ء (فیملی کان 2017ئ)کی افتتاحی تقریب مقامی ہوٹل میں ہوئی جس میں سیاسی و سماجی رہنماء ،پاکستان گرین ٹاسک فورس کے صدر ڈاکٹر جمال ناصر مہمان خصوصی تھے ۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ جدید طبی ریسرچ کے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے ،اس حوالے سے سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد احسن اقدام ہے اس کے ذریعے ینگ ڈاکٹرز کو اپنے شعبے کے حوالے سے تربیت و رہنمائی میں مدد ملتی ہے۔ اس موقع پر میڈیکل بارے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں چکوال، ٹیکسلا، واہ ، گوجرخان ، فتح جنگ ،نواب شاہ اور نوشہرہ سمیت مختلف علاقوں سے 200سے زائد ڈاکٹرز نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دونشستیں ہوئی ،کانفرنس کل بھی جاری رہے گی۔ ڈاکٹر منظور احمد صدر پی اے ایف پی ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سرفراز بشیر، فنانس سیکرٹری ڈاکٹر منیر احمد ،پروفیسر وسیم احمد پرنسپل واہ میڈیکل کالج ، ڈاکٹر عاصم( اٹامک انرجی)،ڈاکٹر احسان الحق، ڈاکٹر شہزاد طاہر، ڈاکٹر شاہد نوازملک، ڈاکٹر اعجاز احمد، ڈاکٹر فیضیل الزمان برگیڈئیر شاہد شیخ و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد عمر نے یرقان بی اور سی کے حوالے سے لیکچر دیااور کہا کہ ملک میں ہیپا ٹائٹس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے ۔ اس بیماری کے خاتمے کے لئے ہمیں مل جُل کر کام کرنا ہوگا اور آنیوالی نسلوں کو اس موذی مرض سے پاک معاشرہ مہیا کرنے میں اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ناقص و مضر صحت پانی اور غیرمعیاری خوراک کے باعث ملک بھر میں لوگ یرقان سے متاثر ہو رہے ہیں ہمیں یرقان سے بچنے کے لئے پانی اور خوراک پر توجہ دینا ہو گی ۔ بروقت علاج سے ہم یرقان سے نجات پا سکتے ہیں، غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے علاج میں پریشانی اٹھانا پڑتی ہے ۔آخر میں کیک کاٹا گیا اور ورکشاپ کے شرکاء میں شیلڈ زبھی تقسیم کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :