ختم نبوت ؐ میںطے شدہ قوانین میںترمیم کرنے والوں کو بے نقاب اور ان کے خلاف سنگین کارروائی کی جائے، ملی یکجہتی کونسل

حکومت کی سیاسی ڈرامہ بازی سے عوام میںمایوسی اور اشتعال پیدا ہورہا ہے، حافظ محمد سعید کی غیر قانونی طور پر نظر بند ی فوراًختم کرکے مقبوضہ کشمیر کے عوام کومثبت پیغام دیاجائے،صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیراورلیاقت بلوچ کی مجلس عامہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 19:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) ملی یکجہتی کونسل نے حکومت سے ختم نبوت ؐ میںطے شدہ قوانین میںترمیم کرنے والوں کو بے نقاب کرنے اور ان کے خلاف سنگین کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی سیاسی ڈرامہ بازی سے عوام میںمایوسی اور اشتعال پیدا ہورہا ہے۔ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام ختم نبوتؐ کے حوالے سے لاہور،کراچی اور پشاور میں بڑی کانفرنسز کریں گے۔

حافظ محمد سعید کی غیر قانونی طور پر نظر بند ی فوراًختم کرکے مقبوضہ کشمیر کے عوام کومثبت پیغام دیاجائے ۔ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے صدرصاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر،سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مجلس عامہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں علامہ سید ساجدعلی نقوی، پروفیسر عبد الرحمن مکی،علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، عبد الرحیم نقشبندی،حافظ عاکف سعید ،پیر معین الدین محبوب کوریجہ ،صاحبزادہ سلطان احمد علی،اسداللہ بھٹو،نورالحسن گیلانی،قاری محمد شیخ یعقوب،عبد الغفارروپڑی،قاری ظہیراخترمنصوری،پیرغلام رسول اویسی ودیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکمران ختم نبوت کے خلاف مسلسل سازشیں کر رہے ہیں اور حکومت سازشیں کرنے والوں کو بے نقاب کرنے کے بجائے ان کی پشت پناہی کر رہی ہے ۔ ختم نبوت میں ترمیم کرنے والوں کو بے نقاب کرنے کے لیے حکومت نے کمیٹی بنائی مگر اس نے بھی ان کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ختم نبوت کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو حکومت فوراً منظر عام پر لایاجائے یہ لوگ پہلے بھی غلط مشورے دیتے رہے ہیں ۔

ایک طرف حکومت اشتہار چلا رہی ہے کہ ہم نے ختم نبوت میں ترمیم کا مسئلہ حل کر لیا ہے ،دوسری طرف 7B اور 7C کو الیکشن اصلاحات سے نکال دیا ہے جب تک اس کو بحال نہ کیا جائے مسئلہ حل نہیں ہو گا ۔ اس کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے ۔ ووٹر کے لیے بھی حلف نامہ ضروری ہے کہ وہ بھی مسلمان ہونے کا حلف اٹھائے ۔ اس حوالے سے پورے پاکستان میں ختم نبوت کانفرنس کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل ایک غیر انتخابی پلیٹ فارم ہے مگر اس میں موجود جماعتیں الیکشن لڑتی ہیں اگر تمام مذہبی سیاسی جماعتیں متحد ہو کر ایک پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں تو اس کا فائدہ ہو گا ۔ متحدہ مجلس عمل کا کوئی دعوت نامہ نہیں ملا اگر ملے گا تو فیصلہ کریں گے ۔ ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ مجلس عمل کا یہ اہم اجلاس تھا اور اہم فیصلے کئے گئے ہیں ۔

ملی یکجہتی کونسل ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد قیام پاکستان کے مقاصد اور اسلامی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے جدوجہد کرنا ہے ۔ حکومت نے انتخابی اصلاحات کی آڑ میں خوفناک اقدامات کئے ہیں اور آئین پاکستان سے ا نحراف کیا ہے ۔ مسئلہ ختم نبوت پر پوری امت کا اجماع ہے ۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا موقف آئین پاکستان کے خلاف ہے وہ قوم سے معافی مانگنے کی بجائے مسلسل غلطی پر غلطی کر رہے ہیں ۔

ان کو وزارت کے منصب سے فوراً ہٹایا جائے۔ ملی یکجہتی کونسل لاہور کراچی اور پشاور میں ختم نبوت کی بڑی کانفرنس کرے گی اور اس کے بعد دیگر شہروں میں بھی کانفرنس کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید کو غیر قانونی طور پر نظر بند کیا ہوا ہے ان کو فوراً رہا کیا جائے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اچھا پیغام جائے ۔ ملی یکجہتی کونسل کی میڈیا کمیٹی کو فعال کر دیا ہے اور قاری شیخ یعقوب کو اس کی ذمہ داری دی گئی ہے جو قومی وحدت اور یکجہتی کو فعال بنائیں گے جبکہ نظام مصطفی کے نفاذٰ کی تحریک چلانے کے لیے صاحبزادہ ابوالخیر محمدذبیر کی سربراہی میں دس رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو چند دنوں میں ملک گیر تحریک کیلئے لائحہ عمل تیار کریگی۔