صاف ستھرا ماحول معاشرے کی تہذیب و تمدن کی عکاسی کرتا ہے

صفائی ستھرائی صحت مند زندگیوں کے لیے اشد ضروری ہے‘ چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 19:17

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) صاف ستھرا ماحول معاشرے کی تہذیب و تمدن کی عکاسی کرتا ہے اور صفائی کے اعلیٰ معیار سے لگائو تمام مذاہب ،تہذیبوںاور مکتبہ ء فکر میں بدرجہ اتم موجود ہے کیونکہ صفائی ستھرائی صحت مند زندگیوں کے لیے اشد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

اجلاس میں میٹر و پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے چیف آفیسر میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسد محبوب کیانی، ڈائریکٹر سینی ٹیشن سردار خان زمری بشمول متعلقہ سینئر افسران موجود تھے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے مزید کہا کہ ادارے کی موجودہ انتظامیہ صفائی کے موجودہ اور روایتی نظام کو نئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام کو نہ صرف شہروں تک بلکہ شہر کے دیہی علاقوں تک یکساں بنیادوں پر وسعت دی جا رہی ہے تاکہ فرسودہ صفائی کے ناقص نظام کی جگہ نئی ٹیکنالوجی کو صفائی کے نظام کے ساتھ منسلک کرکے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ڈائریکٹر سردار خان زمری نے اجلاس کو بتایا گیا کہ سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کو ماہِ ستمبرکے دوران154 شکایات موصول ہوئیں جن کو فوری طور پر متعلقہ شعبوں کو بھجوایا گیا تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ ہو سکے۔

انہوں نے اجلاس کومزید بتایا کہ شہریوں کی موصول ہونے والی شکایات کو فوری اور بہترین انداز میں ازالہ کے متعلقہ شعبوں کو بھجوایا گیا ۔ ماہِ ستمبرکے دوران154 موصول ہونے والی مختلف مسائل سے متعلق شکایات میں سی147 پر فوری عملدرآمد کے شکایت کنندگان کی تسلی کو یقینی بنایا گیا جبکہ 05 شکایات پر وقت درکار ہونے کی وجہ سے برائے ازالہ کام جاری رہا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جن علاقوں سے شکایات موصول ہوئیں ان میں سیکٹرG-6/2 ،G-7/2 ،G-9/1 ،F-11/1 ،I-8/1 ،I-10/4 ،I-9/4 ،G-9/4 ، F-6/1 ،G-11/4 ، علی پور فراش، شہزاد ٹائون ،I-8/2 ،G-9/3 ،G-7/4 ،I-8/4 ،I-8/3 ،G-8/1 ،G-11/3 ،G-10/1 ،F-8/4 ،G-6/3 ، F-10/1 ،F-8/3 ،F-6/4 ،G-8/4 ،G-8/4،I-10/2 ،F-7/3 ، G-11/4اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کو بھر پور توانائی کے ساتھ شہر میں صفائی کے عمل کو جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور اسلام آباد کو صاف ستھرا کھنا ہماری پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے اس لیے شہر کو صاف رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے تاکہ اسلام آباد کے قدرتی حسن اور اس کی خوبصورتی کو برقرار رکھا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :