پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی میچ کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 19:15

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی میچ کی تیاریوں کے حوالے ..
لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر لاہورسمیر احمد سید کی زیر صدارت پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی میچ کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اجلاس ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)طاہرفاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈکوارٹر)سندس ارشاد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائو امتیاز، سی او میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور مسعود تمنا،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے کہا کہ تمام زونز کے ڈپٹی سی اوز اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ ڈیوٹی دینگے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مال روڈ، کنال روڈ اور قذافی اسٹیڈیم کے ارد گرد لائٹنگ کے بہترین انتظامات کیئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اسٹیڈیم لیکر جانے، ایئر پورٹ سے ہوٹل منتقل کرنے کے روڈ پر پیچ ورک کے کام کو جمعرات تک مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون ٹی ٹونٹی میچز کی طرز پر پارکنگ کے انتظامات کیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کے ارد گرد اور مختلف پوائنٹس پر ہیلپ ڈیسک قائم کیئے جائیں گے۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ پینے کے پانی کے لیے کولرز رکھے جائیں گے اور شہر کے مختلف مقامات پر ڈائریکشنل بورڈ لگائیں جائیں گے اور عوام کی آسانی کے لیے ہیلپ ڈیسک کا اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم اور ہوٹل میں عارضی ہسپتالوں کا قیام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا اسٹیڈیم کے اندر کھانے پینے کی اشیاء پر منافع خوری روکنے کے لیے سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے۔ ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے ضلعی انتظامیہ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور زونز انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی کہ انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائیں۔