Live Updates

نواز شریف اداروں کو متنازعہ بناکر ملک میں انتشار وانارکی پھیلانا چاہتے ہیں، حکمران جماعت کا اقتدار مکمل ہوتے ہی (ن) لیگ تنکوں کی طرح بکھر جائے گی، تخت لاہور کے شہزادوں پر فرد جرم عائد ہونا قانون کی بالادستی اور شریف فیملی کی سیاست کا باب بند کرنے کا منہ بولتا ثبوت ہے، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 18:51

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ نااہل نواز شریف اداروں کو متنازعہ بناکر ملک میں انتشار وانارکی پھیلانا چاہتے ہیں اور خود سیاسی شہید بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ حکمران جماعت کا اقتدار مکمل ہوتے ہی ن لیگ تنکوں کی طرح بکھر جائے گی ۔گزشتہ روز ملتان میں تحریک انصاف کے سٹی صدر ڈاکٹر خالد خاکوانی کی رہائش گاہ پر ان کی جانب سے دئیے گئے ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ کارکن الیکشن 2018 کی تیاری کریں اور قائد عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

تخت لاہور کے شہزادوں پر فرد جرم عائد ہونا قانون کی بالادستی اور شریف فیملی کی سیاست کا باب بند کرنے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر اسحاق خان خاکوانی اور سٹی صدر ملتان ڈاکٹرخالد خاکوانی نے کہا کہ کارکن عمران خان کی ایک کال کے منتظر ہیں اور عمران خان کے ایک اشارے پر نوجوان کارکن موجودہ حکمرانوں کی کرپشن کیخلاف سڑکوں پر آنے کیلئے بے تاب ہیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی ضلع وہاڑی کے صدر خالد چوہان،بورے والا سے فاروق اعوان ایڈووکیٹ، سٹی جنرل سیکرٹری ندیم قریشی،شیخ طاہر علی،قربان فاطمہ،جہانزیب دولتانہ،حاجی نذیر،کاشف خاکوانی.عامرخاکوانی.مدثرخان.عامر چوہدری سمیت مقامی چئیرمین ایوب سلایرا ودیگر یوسی چئیرمینوں نے شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات