چین اور پنجاب میں معاشی تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کمپنی انٹرنیشنل مل کر تعاون کی نئی جہتیں تلاش کریں گے

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 18:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) چین اور پنجاب کے مابین معاشی تعلقات میں مزید بہتری اور تجارتی روابط میں اضافے کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور چین کی ریلوے کنسٹرکشن کمپنی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کمپنی انٹرنیشنل کے سینئر نمائندے وینگ لی کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی وفد نے گزشتہ روز پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے دفاتر کادورہ کیا اور بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے خصوصی ملاقات کی۔

اس موقع پر پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے اعلی عہدیداران بھی موقع پر موجود تھے۔ جہانزیب برانہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی پوری دنیا کے لئے ایک مثال کی حیثیت اختیار کر چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے اعلان کے بعد دوستی اور محبت کے یہ تعلقات آسمان کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں جبکہ اس منصوبے نے پاکستان اور چین کو باہمی دوستی کو مضبوط ترین بنانے کیلئے نئی راہیں فراہم کردی ہیں۔

گفتگو کے دوران چینی نمائندے وینگ لی نے کہا کہ ہمہ وقتی سٹریٹجک پارٹنر شپ کو مستحکم کرنے کیلئے چین اور پاکستان دونوں کو تاریخی مواقع فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان دوستی اور تعاون سی پیک منصوبے پر عملدرآمد کے ساتھ نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور یہ امر انتہائی باعثِ اطمینان ہے کہ سی پیک کے تحت منصوبوں پر انتہائی اطمنان بخش طریقے سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز کئے جانے معاہدے کی رو سے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کمپنی انٹرنیشنل مل کر دونوں ملکوں کی باہمی تجارت اور معاشی تعاون میں اضافے کیلئے سرمایہ کاری تجارت کے میدان میں نئی جہتیں تلاش کریں گے جبکہ صنعتی اور سپیشل اکنامک زونز ، زراعت، شہری ذرائع نقل و حمل، انفراسٹرکچر ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :