صوبائی وزیر تعلیم نے چارسدہ روڈ سے سیرئی تک سڑک کا باضابطہ افتتاح کردیا

خمنصوبے پر 2کروڑ 90 لاکھ روپے لاگت آئی ،اس سے علاقے کے لوگوں کو آمد ورفت کی بہتر سہولت میسر ہوگئی ہے،محمد عاطف خان

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 18:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف خان نے یونین کونسل رورل مردان میں چارسدہ روڈ سے سیرئی(میروس) تک سڑک کا باضابطہ افتتاح کیا،منصوبے پر دو کروڑ 90 لاکھ روپے لاگت آئی ہے اور اس سے علاقے کے لوگوں کو آمد ورفت کی بہتر سہولت میسر ہوگئی ہے۔ ہفتہ کو وزیر تعلیم محمد عاطف خان قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ سڑک کے افتتاح کیلئے پہنچے تو مردان رورل سے تحصیل کونسلر افتخار علی کاکڑ کی قیادت میں کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے اُن کا پرجوش استقبال کیا اور اُنہیں ایک بڑے جلوس کی شکل میں میروس میں جلسہ گاہ لایا گیا جہاں اُنہوں نے مختیار لالہ کی زیر صدارت ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

جلسے سے ضلع کونسل کے ارکان شاہد باچا اور شیر بہادر خان نے بھی خطاب کیا۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ پی ٹی آئی تبدیلی کے جس نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی اس کو عملی شکل دینے کے لیے اداروں کو مستحکم کرنے اور ان کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانے کے لیے عوام دوست قوانین بنائے گئے ۔کرپشن کا قلع قمع کرنے کے لیے اداروں کو سیاست سے پاک کیا گیا اورملازمت کے لیے میرٹ کو ہی بنیاد بنایا گیاجس سے غریب نوجوانوں پر روزگار کے دروازے کھولے گئے ۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان اُمید کی آخری کرن ہیں اس لیے عوام اپنے موجودہ اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے عمران خان اور پی ٹی آئی کا ساتھ دیں ۔اُنہوںنے کہا کہ کرپشن اور ترقی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ہم نے ملک کو آگے لے جانا ہے تو کرپشن کو ختم کرنا ہوگا اور کرپشن کو صرف عمران خان ہی ختم کرسکتے ہیں ۔حکمران اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے رہنما کرپشن میں اس قدر ملوث ہیں کہ ان کو سیاسی منظر سے ہٹائے بغیر ملک اس بحران سے نہیں نکل سکتا ۔

عاطف خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور بے لوث اور مخلص کارکنوں کی سالہاسال کی جدوجہد کے نتیجے میں ایک کرپٹ کو تو نااہل قرار دلوادیا گیا ہے تاہم ابھی کرپٹ مافیا کے کچھ کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانا باقی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں چور ڈاکو تو اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں اور معمولی جرائم میں ملوث غریب لوگ جیلوں میںسڑ رہے ہیں یہ سب اس نظام کی خرابی کا نتیجہ ہے جس کو بدلنے کے لیے پی ٹی آئی میدان میں نکلی ہے اور عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی جدوجہد کو عوام کی حمایت سے کامیابی تک پہنچایا جائے گا ۔

اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام عوام کا حق ہے اور ہمارے دور میں ریکارڈ تعمیراتی کام کئے گئے ہیں ۔عاطف خان نے بعدازاں قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ہوتی مردان میں پیپلزپارٹی کے رہنما معظم خان ہوتی سے ملاقات کی اور ان کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی جو اُنہوں نے قبول کرلی ۔صوبائی وزیر عاطف خان نے ان کو ٹوپی پہنائی اور پارٹی میں ان کو خوش آمدید کہا ۔معظم خان نے کہا کہ وہ ایک بڑے عوامی جلسے میں باقاعدہ طور پربھی شمولیت اعلان کریں گے۔

متعلقہ عنوان :