منشیات کی سمگلنگ اور اس کا استعمال ہمارے لئے بہت بڑ ا چیلنج ہے،فورس کمانڈراے این ایف بریگیڈیئر خالد محمود گورائیہ معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے اے این ایف دن رات مصروف عمل ہے، ڈاکٹر ظفر اقبال میاں

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) انٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کے زیر اہتمام سالانہ منشیات جلانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لیفٹیننٹ کرنل (ر)سردار محمد ایوب خان وزیر برائے انسداد دہشت گردی نے فورس کمانڈر اے این ایف پنجاب بریگیڈیئر خالد محمود گورائیہ کے ہمراہ شرکت کی، ان کے علاوہ دیگر سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے نمائندگان ، این جی اوز کے سربراہان، کھیل اور فیشن انڈسٹری کی شخصیات ، یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

فورس کمانڈر اے این ایف پنجاب نے ابتدائی کلمات میں تقریب میں شرکاء کو خوش آمدید کہا اور منشیات سے پاک معاشرہ کے نظریے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اے این ایف کی کوششوں اور کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو مختلف قسم کے خطرات کا سامنا ہے جس میں ایک خطرہ منشیات کی سمگلنگ اور اس کا استعمال ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

(جاری ہے)

منشیات کا پاکستان میں موجود ہونا اور اس کے استعمال کی سب سے بڑی وجہ اس کی بہت بڑی مقدار یعنی دنیا کی پیداوار کا 80فیصد ہمارے پڑوسی ملک افغانستان میں پیدا ہورہا ہے،ملک پاکستان کی افغانستان کے ساتھ مشترکہ بارڈر شیئر کرتا ہے، جو دشوار گزار پہاڑی علاقوں پر مشتمل ہے۔ جس کا فائدہ اٹھا کر منشیات سمگلنگ ہوجاتی ہے، یو این او ڈی سی کے مطابق افغانستان منشیات کا تقریباً 26فیصد حصہ پاکستان میں سمگل ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جان کو منشیات سے درپیش خطرہ انسان کی سوچ سے کہیں بڑھ کر ہے اور جانی نقصانات دہشت گردی سے زیادہ منشیات سے واقع ہورہے ہیں جو خاموشی سے انسان کو ہلاک کررہی ہے۔ یہ لعنت معاشرے سے لاکھوں افراد کو ناکارہ بنا رہی ہے۔ جس کا زیادہ تر شکار نوجوان نسل ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ اے این ایف ہر سال منشیات جلانے کی تقریب منعقدکرتی ہے اس کا مقصد معاشرے سے سب لوگوں کے ساتھ مل کر اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اے این ایف اور حکومتی اداروں کے ساتھ معاشرے کے دیگر افراد اس جہاد میں حصہ لیں گے تب ہی اس لعنت پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

صدر گلوبل این جی او و روہیب سنٹر اور سول سوسائٹی ڈاکٹر ظفر اقبال میاں نے کہا کہ معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے اے این ایف دن رات مصروف عمل ہے ۔ اے این ایف کی خدمات قابل ستائش ہے جو منشیات جیسے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے بہت زیادہ کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گلوبل این جی ا و کے 19سال سے معاشرے سے منشیات جیسے ناسور کے خاتمے کیلئے اے این ایف اور حکومتی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کررہی ہے اور انشاء اللہ اس برائی کو معاشرے سے ختم کرکے ہی دم لیں گے۔

متعلقہ عنوان :