Live Updates

سیاست سے فرصت ملے تو خادم اعلیٰ ہسپتالوں ،سکولوں اور تھانوں کا دورہ بھی کر لیں'عبدالعلیم خان

بڑے شہروں کے یہ حالات ہیں تو جنوبی پنجاب کا خدا ہی حافظ ہے ، عمران خان کالے دھبے مٹائیں گے صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کی طرف سے پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کیلئے سینئر نائب صدر اور نائب صدر کی نامزدگیاں

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 18:03

سیاست سے فرصت ملے تو خادم اعلیٰ ہسپتالوں ،سکولوں اور تھانوں کا دورہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی30سال کی حکمرانی کے بعد بھی خواتین ہسپتالوں کے باہر بچوں کو جنم دے رہی ہیں ،سکولوں کا کوئی پرسان حال نہیں اور تھانہ کلچر اپنے عروج پر ہے اگر نام نہاد خادم اعلیٰ کو سیاست سے فرصت ملے تو ہسپتالوں ، سکولوں اور تھانوں کا دورہ بھی کر لیں حقائق ان کے سامنے آ جائیں گے۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ اخبارات میں اشتہارات، خود ساختہ سروے اور من پسند مضامین لکھوا کر اپنے آپ کو دھوکہ دینے والوں کو علم ہونا چاہیے کہ پٹوار خانے سے لے کر تھانے تک عام آدمی پر کیا ظلم ہوتا ہی کاش میاں صاحب سکول اور ہسپتال بناتے انہیں وہاں سے بھی کمیشن مل ہی جانی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں کے یہ حالات ہیں تو جنوبی پنجاب اور دور افتادہ علاقوں کا تو خدا ہی حافظ ہے انہوں نے کہا کہ انشا ئ اللہ اقتدار میں آکر عمران خان معاشرے کے ان کالے دھبوں کو مٹائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2005میں ان کے دور وزارت میں بنائے گئے میاں میر ہسپتال کو 10برسوں تک محض سیاسی مخاصمت کی بنا پر نان فنکشنل رکھا گیا جو لاہور شہر کے عوام سے صریحاً زیادتی ہے جس پر لوگ ان سے آئندہ انتخابات میں ضرور بدلہ لیںگے۔دریں اثنائ پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے ناصر محمود چیمہ کو سنٹرل پنجاب کا سینئر نائب صدر اور فلک شیر رانجھا کو نائب صدر نامزد کر دیا ہے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے اپنی صلاحیتیں برؤئے کار لائیں انہوں نے کہا کہ نواز لیگ سے اصل معرکہ سنٹرل پنجاب میں ہو گا اور انشائ اللہ عمران خان کی ٹیم ملک لوٹنے والوں کو چاروں شانے چت کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :