محکمہ حیوانات کی جانب سے جانوروں کی افزائش نسل ،بیماریوں سے بچانے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے،حاجی سہیل الرحمن بلوچ

بڑی تعداد میں جانوروں کو ویکسین دی جارہی ہے ، ہماری معیشت کا بڑا انحصار لائیو اسٹاک پر ہے ،شعبے پر خصوصی توجہ دیکر ہم غربت کے خاتمہ میں کمی ،معیشت کو سدھارنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، ڈپٹی کمشنر خضدار

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 18:03

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر خضدار حاجی سہیل الرحمن بلوچ ،ڈویژنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک عبدالطیف محمد شہی ،ڈپٹی ڈائریکٹر خضدار ڈاکٹر محمد انور زہری نے کہاہے کہ محکمہ حیوانات کی جانب سے جانوروں کی افزائش نسل اور انہیں بیماریوں سے بچانے کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ۔بڑی تعداد میں مالداروں کے جانوروں کو ویکسین دی جارہی ہے ۔

ہماری معیشت کا بڑا انحصار لائیو اسٹاک پر ہے اس شعبے پر خصوصی توجہ دیکر ہم نہ صرف غربت کے خاتمہ میں کمی لاسکتے ہیں بلکہ معیشت کو سدھارنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوںنے محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے خضدار کے علاقہ زیدی میں لگائے کیمپ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

خضدار کے علاقہ زیدی میں محکمہ لائیو اسٹاک قلات ڈویژن کی جانب سے پیداواری اہداف اور بیماری سے بچائو مہم کے سلسلے میں کیمپ لگایا گیا تھا۔

اس موقع ڈاکٹرز لائیو اسٹاک کا عملہ اور مالداروں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔کیمپ میں محکمہ لائیو اسٹاک کے عملہ نے ڈپٹی کمشنر خضدار حاجی سہیل الرحمن بلوچ کو کیمپ سے متعلق بریفنگ بھی دی ۔اس سے قبل زیدی کیمپ میں ہزاروں جانوروں کو ویکسیئن دیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر خضدار حاجی سہیل الرحمن بلوچ نے کہاکہ ہمارے دیہی اور پہاڑی علاقوں میں عوام کی اکثریت کا روز گار مالداری سے وابستہ ہے ۔

مالداروں کے اس روزگار کو تحفظ دینا اوران کے جانوروں کی افزائش نسل کو بڑھانا لازمی امر ہے اس حوالے سے لائیو اسٹاک کا شعبہ فعال ہے اور وہ مالداروں میں شعور و آگاہی بیدار کررہاہے ۔جانوروں کو بیماریوں سے بچانا اور اس کے پیداواری اہداف میں اضافہ بے حد ضروری ہے ۔ ڈویژنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک عبدالطیف محمد شہی ہے نے کہاکہ محکمہ لائیو اسٹاک اپنی ذمہ داری تندہی کے ساتھ سرانجام دے رہاہے ۔

ہمار امقصد جانوروں کو بیماریوں سے بچائو اور ان کی افزائش نسل کو بڑھانے کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ۔آج یہاں ہزاروں جانوروں کو ویکسیئن دیا گیا ۔خوشی اس بات کی ہے کہ اب مالداروں میں شعووآگاہی پیدا ہوچکی ہے وہ محکمہ لائیو اسٹاک کے ساتھ از خود تعاون کررہے ہیں اور یہاں جانوروں کو خود ویکسیئن کے لئے لیکر آتے ہیں ماضی میںمالداروں میں اس شعورو آگاہی کی کمی تھی ۔

ڈاکٹر محمد انور زہری نے کہاکہ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے مالداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ جب بھی انہیں ہماری ضرورت پڑے گی ہمارا عملہ انہیں ویکسیئن دینے کے لئے وہاں ضرورحاضر ہوگا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ مالداری نظام پہلے سے بھی زیادہ فعال اور متحرک ہو اور جانوروں کی افزائش نسل میں اضافہ ہو جب کہ ان میں پائی جانے والی بیماریوں کا خاتمہ ہو جس کے لئے محکمہ لائیو اسٹاک مسلسل کام کررہاہے اور آج یہاں زیدی میں کیمپ لگانے کا مقصد بھی یہی تھا۔ زید میں لگنے والے کیمپ میں ہزاروں جانوروں کو ویکسین دیا گیا ۔