Live Updates

ڈولفن فورس کو عوام کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں چوروں و لٹیروں سے محفوظ بنانے سمیت پنجاب پولیس کا امیج نکھارنے کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرنا ہے،محمد شہباز شریف

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 17:59

ڈولفن فورس کو عوام کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں چوروں و لٹیروں سے محفوظ ..
لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈولفن فورس کو عوام کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں چوروں اور لٹیروں سے محفوظ بنانے سمیت پنجاب پولیس کا امیج نکھارنے کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔ اپنی کارکردگی، محنت اور حسن سلوک کے ساتھ عوام کے دل جیتنا ہیں۔میرٹ پر بھرتی کی گئی ڈولفن فورس کو جو اعلیٰ معیار کی جدید تربیت دی گئی ہے اب اسے اس کا اہل ثابت کرنا ہے اور اپنی ذمہ داریاں انتھک محنت سے سرانجام دینا ہیں۔

دیانتداری، صلاحیت، انتھک محنت، انصاف، جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت ڈولفن فورس کیلئے سنہری اصول ہیں اور اس فورس کو ان اصولوں کو اپنا کر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہمت اور جرأت سے آگے بڑھنا ہے اور صوبے کے 11 کروڑ عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارپولیس ٹریننگ کالج لاہور میں ڈولفن فورس کے دوسرے بیج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس تقریب میں 696 اہلکار پاس آئوٹ ہوئے جوفیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان اور بہاولپور میں ڈولفن فورس کا حصہ بنیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور پاس آئوٹ ہونے والے ڈولفن فورس کے اہلکاروں سے سلامی لی۔ وزیراعلیٰ نے تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو انعامات بھی دیئے۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ڈولفن فورس پہلے ہی میدان عمل میں موجود ہے اور لاہور میں کامیابی کے بعد دوسرے مرحلے میں فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان اور بہاولپور میں ڈولفن فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور آج تربیت مکمل کرنے والے 696 جوان ان اضلاع میں فرائض سرانجام دینے کے لئے تیار ہیں۔

میں پاسنگ آئوٹ پریڈ میں حصہ لینے والے ان جوانوں کو شاندار کارکردگی پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں اور ان کے ٹرینرز کو بھی مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے انہیں لیکچرز دیئے اور اس قابل بنایا کہ وہ آج اس ڈولفن فورس کا ہراول دستہ بن گئے ہیں جس نے صوبے کے عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنی ہے۔ عوام کو امن، تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو جس مقصد کے لئے اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کی گئی ہے، اسے آپ نے پورا کرنا ہے۔ فرض کی ادائیگی میں شاندار مثالیں قائم کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ مجھے امید اور یقین کامل ہے کہ آپ کی تربیت کے لئے پنجاب حکومت نے جو وسائل فراہم کئے ہیں، انشاء اللہ آپ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے میں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا اعلیٰ معیار قائم کریں گے اور دوسرے کے لئے قابل تقلید بنیں گے جس سے آپ کے لئے عوام میں محبت کے بے پناہ جذبات پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس کی تربیت میں ترک نیشنل پولیس اور ترک حکومت نے بھرپور تعاون کیا ہے۔ ترکی میں ڈولفن فورس نے اپنی کارکردگی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ امید ہے کہ آپ بھی وہی معیار قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس شہداء کی فورس ہے جس کے افسروں اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور عوام کو شرپسندوں، چوروں، ڈکیتوں سے محفوظ بنانے اور سماج دشمن عناصر کے خاتمے کے لئے اپنے خون کا نذرانہ دیا۔

ہمیں پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے اور جان کی بازی لگا کر عوام کی حفاظت کرنا پنجاب پولیس کا خاصا ہے۔ پولیس فورس کے ہر غازی کے دل میں تڑپ ہے اور وہ قیام امن کے لئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی استعدادکار بڑھانے، اسے جدید آلات اور تربیت سے آراستہ کرنے پر اربوں روپے کے وسائل صرف کئے گئے ہیں۔

عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اسی مقصد کے پیش نظر پولیس اور سکیورٹی اداروں پر دل کھول کر وسائل خرچ کئے گئے ہیں تاکہ صوبے کے عوام کو امن اور سکون ملے اور پنجاب دہشت گردوں اور شرپسندوں سے پاک ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے انسداد دہشت گردی کے لئے انسداد دہشت گردی محکمہ قائم کیا ہے جو شاندار کام کر رہا ہے۔

اسی طرح پنجاب میں جاری سی پیک کے منصوبوں پر کام کرنے والوں کی حفاظت کے لئے ہزاوں جوانوں پر مشتمل نئی فورس تشکیل دی گئی ہے جبکہ سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے ڈولفن فورس کا آغاز لاہور سے کیا گیا تھا اور اب پاس آئوٹ ہونے والے 696 جوانوں کو پنجاب کے دیگر شہروں میں بھجوایا جا رہا ہے۔ ڈولفن فورس کے قیام میں وزارت خزانہ اور حکومت پنجاب نے وسائل فراہم کئے جس کی بدولت یہ شاندار فورس قائم ہوئی۔

اسی طرح کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور پنجاب پولیس بھی شاباش کے مستحق ہیں جنہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے لئے یہ شاندار اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس سٹریٹ کرائمز سے پاک پنجاب کے مشن کی تکمیل کے حوالے سے معاون ثابت ہوگی۔ انسپکٹر جنرل پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کرنے کیلئے ہر طرح کے وسائل دیئے ہیں اور پنجاب پولیس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس کے باعث لاہور میں سٹریٹ کرائمز میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں ڈولفن فورس کی تعیناتی سے وہاں بھی سٹریٹ کرائمز کم ہوں گے۔ کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج لاہور ڈی آئی جی فیاض احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور پولیس حکام تقریب میں موجود تھے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :