نواز شریف کو گرفتارکر کے نام ای سی ایل میں ڈالا جائے‘ڈاکٹر طاہر القادری

نواز، شہباز دونوں قومی مجرم، رعایت دینے کا مطلب آئین، عدلیہ سے کھلا انحراف ہو گا،ادارے گلے سڑے متعفن نظام کی بجائے ملک بچانے کی فکر کریں‘ سربراہ عوامی تحریک کی کور کمیٹی ممبران سے ٹیلیفونک گفتگو

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 17:48

نواز شریف کو گرفتارکر کے نام ای سی ایل میں ڈالا جائے‘ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو فوری گرفتار کیا جائے اور کرپشن ریفرنسز کے فیصلوں تک نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ، نواز، شہباز دونوں قومی مجرم اور ہر جرم میں برابر کے حصہ دار ہیں، انہیں رعایت دینے کا مطلب آئین، عدلیہ سے کھلا انحراف اور ملک و قوم سے غداری ہو گی ،2014 ء کے دھرنے میں اشرافیہ کی معاشی دہشت گردی، قتل و غارت گری اور لوٹ کھسوٹ کی جو نشاندہی کی تھی آج دنیا بھر سے اس کے ثبوت آرہے ہیں، فرد جرم ہمارے موقف کی توثیق ہے۔

گزشتہ روز انہوں نے عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز، شہباز دونوں قومی لٹیرے ہیں، معاشی دہشت گرد کی جگہ قاتل اعلیٰ کو لایا گیا تو بحران طوفان میں بدلے گا۔

(جاری ہے)

ادارے گلے سڑے کرپشن زدہ متعفن نظام کی بجائے پاکستان کو بچانے کی فکر کریں ۔سپریم کورٹ کی طرف سے جھوٹا ثابت ہونے والے شخص کو پارٹی صدر بنا کر پوری ن لیگ نے قوم کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ ہم جھوٹ، کرپشن اور لوٹ مار کے حامی ہیں اور ہمارے نزدیک سپریم کورٹ کے فیصلوں، آئین، قانون ،جمہوری اخلاقیات کی کوئی حیثیت نہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نواز شریف عادی بھگوڑا ہے، یہ اپنا ساز و سامان بیرون ملک شفٹ کر چکے ہیں، ان کا پاکستان میں اقتدار کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے،جب تک خائن کی باقیات اقتدار میں ہیں یہ آتا جاتا نظر آتا رہے گا،جب یہ امید بھی ٹوٹ گئی تو پھر فیصلے آنے سے پہلے ہی بھاگ جائے گا۔ فرد جرم کا ہر حرف سچ پر مبنی ہے اور جو کرپشن اب تک سامنے آئی اس کی حیثیت سمندر کے ایک قطرے جیسی ہے، ان کے بیشتر اثاثے اور اکائونٹس ابھی پردہ راز میں ہیں،لوٹی گئی دولت واپس لانا احتساب کے اداروں کی اصل آزمائش ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف معاشی دہشت گرد ثابت ہو چکا، قاتل اعلیٰ کے کرتوت جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں ہیں، جس دن یہ رپورٹ منظر عام پر آجائے گی سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کے چہروں پر پڑا ہواپردہ اٹھ جائیگا۔ہم جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ کے پبلک ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :