Live Updates

عمران خان ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کیلئے کردار اد کرکے پوری قوم کے دل جیت سکتے ہیں، ڈاکٹر عذرا امجد

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 17:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) سول سوسائٹی کراچی کی رہنما ڈاکٹر عذرا امجد نے کراچی کے رہائشی احمدربانی کی گوانتاناموبے سے رہائی کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے امریکی اخبار میں آرٹیکل لکھنے اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے رہائی کی اپیل کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے رہائی کیلئے بھی فرض ادا کریں۔

قوم عرصہ دراز سے غیرتمند قیادت کی تلاش میں ہے۔سول سوسائٹی آف کراچی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر عذرا نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہے۔ 14سال سے بے گناہی کی سزا کاٹ رہی ہے۔ عافیہ کا ایک بیٹا سلیمان اب تک لاپتہ ہے۔عمران خان ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے صدائے حق بلند کرنے والے پہلے سیاستدان تھے۔

(جاری ہے)

امریکہ ،پاکستان اور دیگر ممالک کے ممتاز قانون دانوں کی جانب سے عافیہ پر چلائے جانے والے من گھڑت مقدمہ اور 86سالہ سزا کو غیرقانونی قرار دینے کے بعد سیاسی قیادت نے یہ قومی فریضہ ادا نہ کرکے قوم کو مایوس کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کے دوراقتدار میں عافیہ کو بآسانی پاکستان واپس لایا جاسکتا تھامگر سابق سفیر حسین حقانی کی سازشوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو اس سعادت سے محرورم رکھا اور پیپلز پارٹی کی قیادت آج اپنی بقاء کی جدوجہد کررہی ہے جبکہ نواز شریف عافیہ کو واپس لانے کا وعدہ پورا نہ کرکے نشان عبرت بن چکے ہیں۔عمران خان نے عافیہ پر خاموش رہ کر عام لوگوں کے دلوں میں شکوک و شہبات پیدا کئے ہیں۔

موجودہ پارلیمنٹ نے عوام کو بری طرح مایوس کیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں سیاستدانوں کو پرکھنے کے پیمانے ’’کھوکھلے نعرے نہیں عافیہ‘‘ ہوگی۔عافیہ کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ 22 کروڑ عوام کررہے ہیں۔عمران خان عافیہ کی واپسی کیلئے کردار اد کرکے پوری قوم کے دل جیت سکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات