نوجوان انٹرپرینیورز کلین ٹیکنالوجی انوویشنز کو اپنا کر کاروبار کو بہتر فروغ دے سکتے ہیں ،ْشیخ عامر وحید

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ آنے والا دور کلین ٹیکنالوجی کا دور ہے اور نوجوان انٹرپرینیورز کلین ٹیکنالوجی انوویشنز کو اپنا کر اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دے سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزنس کلینک پروگرام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد یونائیٹڈ نیشنزانڈسٹریل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (یونیڈو) نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے کیا۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ خاص طور پر کلین ٹیکنالوجی کے میدان میں جدت کاری کا مستقبل بہت روشن ہے اور کاروبار کے میدان میں دلچسپی رکھنے والے نوجوان اس شعبے میں نئی ایجادات والی مصنوعات تیار کر کے پائیدار کاروباری ترقی حاصل کر سکتے ہیں لہذا وہ اس طرف زیادہ توجہ دیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ صنعتی شعبے کو نئے دور کے تقاضوں کے مطابق ترقی کرنے کیلئے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور رینیو ایبل انرجی سمیت دیگر شعبوں میں کلین ٹیکنالوجی پر مشتمل نئی ایجادات کی اشد ضرورت ہے لہذا نوجوانوں کیلئے اچھا موقع ہے کہ وہ صنعتوں کو درپیش مسائل بہتر طور پر حل کرنے کیلئے کلین ٹیکنالوجی والی نئی ایجادات پر مبنی مصنوعات متعارف کرائیں جس سے صنعتی شعبہ بھی بہتر ترقی کرے گا اور ان کے کاروبار کو بھی پائیدار ترقی ملے گی۔

یونیڈو کی ملکی نمائندجہ محترمہ نادیہ آفتاب نے ملک میں پائیدار صنعتی ترقی کی راہ ہموار کرنے کیلئے یونیڈو کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یونیڈو خاص طور پر صنعتی شعبے میں جدت پسندی اور انفراسٹریچکر کو بہتر کرنے کیلئے مفید کوششیں کر رہی ہے۔ انہوںنے بزنس کلینک پروگرام میں حصہ لینے والے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جو دور دراز سے اس اہم پروگرام میں شرکت کرنے کیلئے آئے۔

انہوں نے اس پروگرام میں یونیڈو کے ساتھ اشتراک کرنے پراسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کابھی شکریہ ادا کیا۔ بزنس کلینک پروگرام دو دن کیلئے منعقد کیا گیا جس میں کاروبار کے خواہش مند انٹرپرنیورز نے اپنے اپنے بزنس ماڈل کو درپیش مسائل اجاگر کئے اور کاروبار و ٹیکنالوجی شعبے کے ماہرین نے ان کو مسائل کے بہتر حل انہیں بتائے۔اس پروگرام کے تحت کلین ٹیکنالوجی شعبے کے جدت کاروں کو اپنی ایجادات کوکمرشلائز کرنے میں ان کی حوصلہ افزائی کی گئی تاکہ صنعتی شعبے، معاشرے اور معیشت کو ان کی ایجادات سے استفادہ حاصل ہو سکے۔

یونیڈو جدت کاروں کو تربیت، استعداد کار کی بہتری اور سرمایے تک رسائی کی کوششوں میں تعاون کرتی ہے اور ان کو کلین ٹیکنالوجی والی نئی ایجادات پر مبنی مصنوعات کو متعارف کرانے میں بھی مدد کرتی ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور یونیڈو کی نیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شاہینہ وحید نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔