دیوالی کا تہوار مایوسی پر امید فتح کی علامت ہے،

دنیا بھر کے مذاہب ایک دوسرے کا احترام یقینی بنانے کی تلقین کرتے ہیں،دوسرے کے مذہبی تہوارات میں حصہ لینے سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوتا ہے، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا لوک ورثہ میں دیوالی کی خصوصی تقریب سے خطاب

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 16:22

دیوالی کا تہوار مایوسی پر امید فتح کی علامت ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے دیوالی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیوالی کا تہوار اندھیرے پر روشنی کی، برائی پر اچھائی کی اور مایوسی پر امید کی فتح کی علامت ہے، وہ اسلام آباد ہندو پنچائیت کے زیراہتمام لوک ورثہ میں منعقدہ دیوالی کی خصوصی تقریب سے اظہار کررہے تھے، اس موقع پر مہمانِ خصوصی ایم ڈی بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر فوزیہ سعید بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رمیش کمارکا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مذاہب ایک دوسرے کا احترام یقینی بنانے کی تلقین کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے مذہبی تہوارات میں حصہ لینے سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوتا ہے، انہوں نے اپنے علاقے تھر کا خصوصی طور پر تذکرہ کیا جہاں صدیوں سے ہندو اور مسلمان دیوالی کی تقریبات ایک ساتھ مناتے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے لوک ورثہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے مزیدکہا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ملک بھر میں برداشت، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔

تقریب سے ایم ڈی بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر فوزیہ سعید نے بھی اظہارِ خیال کیا، اس موقع پر تھر سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے دیوالی کی مناسبت سے اپنے فن کا مظاہرہ پیش کیا، تقریب میں جڑواں شہروں میں بسنے والے ہندو خاندانوں کی کثیر تعداد نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔