پی ٹی ایف نے عالمی ٹینس ایونٹس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی

ایونٹس میں غیر ملکی کھلاڑیوں اور ریفریز کو بھر پور سیکورٹی دینے کا فیصلہ تینوں ایونٹس میں ایران سے تعلق رکھنے والی4 انٹرنیشنل ریفری اور ایک پاکستانی ریفری شرکت کریں گے ،ْ اجلاس میں منظوری

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 15:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن کی آرگنائزنگ کمیٹی نے دسمبر میں ہونے والے عالمی ٹینس ایونٹس کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی،ایونٹس میں غیر ملکی کھلاڑیوں اور ریفریز کو بھر پور سیکورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز سیکرٹری ثناء اللہ امان کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔

ٹورنامنٹس ڈائریکٹرز کرنل گل رحمان، عاصم شفیق اور کامران خلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹرز نے ایونٹس کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر پی ٹی ایف کے سیکرٹری ثناء اللہ امان نے بتایا کہ تینوں ایونٹس میں ایران سے تعلق رکھنے والی4 انٹرنیشنل ریفری اور ایک پاکستانی ریفری شرکت کریں گے جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دسمبر میں ہونے والے تینوں ایونٹس کیلئے پی ٹی ایف سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کرے گا اور ایونٹس میں شرکت کیلئے انٹرنیشنل ریفریز اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھر پور سکیورٹی بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان ایونٹس میں نامور بین الاقوامی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔پہلا انٹرنیشنل ایونٹ سرینہ انٹرنیشنل ٹینس ٹونامنٹ 4 سی8 دسمبرکھیلا جائیگا۔

دوسرا ایونٹ کلثوم سیف اللہ خان انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ میں 11 سے 16 دسمبر تک جبکہ تیسرا اور آخری ایونٹ بے نظیر بھٹوانٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں 18 سے 24 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ تینوں ایونٹس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ پہلے دو ایونٹس پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری ایونٹ جی سکس ٹینس کورٹ اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :