ہندو پجاریوں سے شادی پر تین لاکھ روپے کی امداد کا اعلان

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 15:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) بھارت کی جنوبی ریاست تلنگانہ میں ہندو پجاریوں سے شادی کرنے والی خواتین کو تین، تین لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔یہ اعلان تلنگانہ برہمن فلاح و بہبود کونسل کی طرف سے کیا گیا ۔ اپنے اس فیصلے کی حمایت میں تلنگانہ برہمن کلیان تنظیم کا کہنا ہے کہ پجاریوں کی معاشی بدحالی کے سبب انھیں دلہن ملنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور اسی لیے انھیں مالی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

برہمن پریشد یعنی کونسل کے صدر کیوی رمنچاری کا کہنا ہے کہ جب تک پجاری موجود ہیں اس وقت تک مندر اور اس کا نظام جاری رہے گا اور اس فیصلے سے سب مستفید ہوں گے۔مہا برہمن سنگھم کے سیکریٹری اودھانولا نرسمہا شرما کے مطابق ’غریب برہمنوں کی مدد اور ان کی فلاح کے ساتھ (ہندو) تہذیب و ثقافت کو فروغ دینے کیلئے اس قسم کے فیصلے ضروری ہیں۔خیال رہے کہ تلنگانہ حکومت نے 2016 کے اپنے بجٹ میں برہمنوں کی فلاح و بہبود کے لیے 100 کروڑ روپے مختص کیے تھے۔

متعلقہ عنوان :