وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے گنی کے صدر کی ملاقات ،ْ مختلف امورپر تبادلہ خیال

پاکستان کی ٹیکسٹائل ، لیدر، انفراسٹرکچر کی ترقی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایس ایم ایز تجربے سے مستفید ہونے کی پیش کش دہشت گردی ایک مشترکہ دشمن ہے ،ْ موثر انداز میں نمٹنے کی ضرورت ہے ،ْصدر گنی

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 15:50

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے گنی کے صدر ایلفا کونڈے نے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوںکے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنمائوںکے درمیان 9ویں ڈیٹ ایٹ سربراہ اجلاس کے موقع پر ترکی کے تاریخی شہر استنبول میں یہ ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان دفاع ، زراعت ، تعلیم ، ریلوے، بینکنگ اور تعمیرات کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ افریقہ کیلئے پاکستان کا وژن مضبوط قریبی دوستانہ تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری اوردفاعی تعاون کے ذریعہ بڑھانا ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری اور مل کر آگے بڑھنا ہے۔ پاکستان اورگنی کے تعاون کے حوالہ سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انہیں ٹیکسٹائل ، لیدر، انفراسٹرکچر کی ترقی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایس ایم ایز تجربے سے مستفید ہونے کی پیش کش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں پاکستان کے تجربے اور تحقیقی سہولیات گنی کو زرعی وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے متفقہ طور پر ترک صدر کی ڈی ایٹ تنظیم کو وسعت دینے اورمزید ممالک کو شامل کرنے کی تجویز کی توثیق کی ۔ دہشت گردی کے عالمی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے قومی عزم کے ساتھ اس عفریت کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

گنی کے صدر نے کہا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ دشمن ہے اور اس سے موثر انداز میں نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر شعبہ میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ گنی پاکستانی سرمایہ کاروںکیلئے اوپن ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جلد گنی کے دورہ کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔