ْیوم تاسیس باہم مل کر منائیں اور پوری دنیا کو یکجہتی اور اتحاد کا پیغام دیں 70ویں یوم تاسیس کو پوری قوم جوش وجذبے اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائے کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی کیلئے جدوجہد جاری وساری رکھی جائیگی

سینئرنائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری پرویز اشرف کی بات چیت

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 15:41

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) سینئرنائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ یوم تاسیس باہم مل کر منائیں اور پوری دنیا کو یکجہتی اور اتحاد کا پیغام دیں 70ویں یوم تاسیس کو پوری قوم جوش وجذبے اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائے کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی کیلئے جدوجہد جاری وساری رکھی جائیگی۔

کشمیری حقیقی آزادی کا دن اس روز منائیں گے جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ 24اکتوبر کو آزاد کشمیر کا 70وا یوم تاسیس منایا جا رہا ہے آزاد کشمیر کے تمام مکاتب فکر یوم تاسیس باہم مل کر منائیں اور پوری دنیا کو یکجہتی اور اتحاد کا پیغام دیں۔موجودہ حالات میں قوم کو یکجہتی کی لڑی میں پرونا سیاسی مذہبی اور دینی جماعتوں کا فرض ہے۔

(جاری ہے)

یوم تاسیس اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے مقاصد کے حصول کے لیے تجدید عہد کریں اور تحریک آزادی کشمیر کو قومی وبین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے باہم متحد ومنظم ہو کر آگے بڑھیں۔ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر جس کا یوم تاسیس منایا جا رہا ہے اس آزاد علاقہ کو ڈوگرہ استبداد سے چھڑانے کے لیے ہمارے اسلاف نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

اسلاف کی قربانیوں کو زندہ رکھنا بحیثیت قوم ہمارا فرض ہے اور اسلاف کے نقش قدم پر چل کر ہم آزادی کی منزل سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔جدوجہد آزادی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر کے عوام نے جو قربانیاں دی ہیں اور جن عزم واستقامت کا مظاہرہ کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔انشاء اللہ اب وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کو آزادی کی منزل نصیب ہو گی اور سارے کا سارا کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔