میری کوشش ہے اگلے ورلڈ کپ تک کھیلوں لیکن اس کا انحصار میری کارکردگی پر ہے ‘ شعیب ملک

اگر مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھائوں گا تب ہی وہاں تک جاسکوں گا‘ آل رائونڈر کی انٹر ویو میں گفتگو

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 14:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء) قومی ٹیم کے آل رائونڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ میری کوشش ہے کہ میں اگلے ورلڈ کپ تک کھیلوں لیکن اس کا انحصار میری کارکردگی پر ہے کہ اگر مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھائوں گا تب ہی وہاں تک جاسکوں گا،کبھی آپ کو کامیابی ملتی ہے کبھی نہیں لیکن کوشش یہی ہوتی ہے کہ ٹیم آپ سے جو تقاضہ کررہی ہے اس کے مطابق بیٹنگ کروں۔

ایک انٹر ویو میں شعب ملک نے ڈبل سنچری بنانے کے باوجود ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے سوال کے جواب میں کہا کہ اس فیصلے کے پیچھے ایک معقول وجہ تھی۔عام طور پر کم ہی کرکٹرز اس انداز سے کرکٹ چھوڑتے ہیں اسی لیے سب کو حیرت ہوئی تھی کہ ڈبل سنچری بنائی، تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 300 کے قریب رنز کیے، 11 وکٹیں لیں اور ریٹائرمنٹ لے لی لیکن میرے نزدیک کرکٹ کی خدمت صرف کھیلنے سے ہی نہیں ہوتی بلکہ نئے کھلاڑیوں کو راستہ دینے سے بھی خدمت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

میں جس ٹیم میں تھا وہ ایک تیار اور پختہ ٹیم تھی ۔ میں چاہتا تھا کہ نوجوان کھلاڑی کے لیے راستہ نکلے۔ اس ٹیم میں بابراعظم آئے، حارث سہیل فٹ ہو کر ٹیم میں واپس آئے اور یہ کرکٹرز دس بارہ سال کھیل سکتے ہیں میں نہیں کھیل سکتا اسی لیے میں نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی پر اپنی توجہ مرکوز کرلی ہے۔نوجوان کھلاڑیوں کو بہت زیادہ حوصلہ مل رہا ہے۔ یہ ٹیم گیم ہے جس میں کسی دن کسی ایک کھلاڑی کی جانب سے اچھی کارکردگی سامنے آتی ہے تو کسی دن کسی دوسرے کی ۔

یہ کارکردگی ٹیم کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں جیت سے ہمکنار کررہی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہی نوجوان کھلاڑی ٹیسٹ میں بھی جلد اچھی کارکردگی دکھانا شروع کردیں گے۔شعیب ملک نے کہا کہ اپنی فٹنس پر بہت زیادہ توجہ دے رکھی ہے اور وہ اپنی عمدہ کارکردگی کو برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔میری کوشش یہی ہے کہ میں اگلے ورلڈ کپ تک کھیلوں لیکن اس کا انحصار میری کارکردگی پر ہے کہ اگر مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھائوں گا تب ہی وہاں تک جاسکوں گا۔