مقبوضہ کشمیر، کل جماعتی حریت کانفرنس کی سید علی گیلانی کی مسلسل نظر بندی کی مذمت

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 13:56

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے چیئرمین سید علی گیلانی کی گھر میں مسلسل غیرقانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انتظامیہ نے سید علی گیلانی کو گزشتہ 7 برس سے زائد عرصے سے گھر میں نظر بند کر رکھا ہے اور انہیں نماز جمعہ ادا کرنے سے بھی روکا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ انتظامیہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے سید علی گیلانی اور دیگرحریت رہنمائوں کے حوصلے پست کرنا چاہتی ہے لیکن اسے ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس جو ہفتے کے روز منعقد ہونا تھا اب اتوار کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں حریت کے صدر دفتر پر ہوگا۔دریں اثنا سید علی گیلانی نے سوپور سے تعلق رکھنے والے ممتاز دانشور سیف الدین سیفی کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔