سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرنے والے ہمیشہ دوسرے کی مدد کو ترجیح دیتے ہیں، بینش گلزار

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 12:39

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) دی مسلم ایجوکیشن سسٹم مین کیمپس ایبٹ آباد میں سپورٹس گالا 2017ء کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس ایبٹ آباد یونیورسٹی بینش گلزار، ڈپٹی ڈائریکٹر رفعت سلیم اور ڈائریکٹر ایکٹویٹی محمد حنیف سمیت مینجنگ ڈائریکٹر سلیم حیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

سپورٹس ویک میں مین کیمپس کے تمام طلبہ حصہ لے رہے جو چار ہائوس جناح ہائوس، سرسید ہائوس، ٹیپو ہائوس اور اقبال ہائوس پر مشتمل ہے، تمام ہائوس کے درمیان 100 میٹر، 200 میٹر اور 400 میٹر دوڑ کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ فٹ بال، کرکٹ، والی بال اور بیڈ منٹن کے مقابلوں کا انعقاد ہو گا۔ اس موقع پر تقریب کی مہمان خصوصی بینش گلزار نے سپورٹس گالہ کی چمپئین ٹرافی کی نقاب کشائی کی اور سپورٹس ایونٹ منعقد کروانے پر سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو اور بچوں کی محنت کو سرایا۔

(جاری ہے)

اس موقع منیجنگ ڈائریکٹر سلیم حیات نے مسلم ایجوکیشن سسٹم کے اغراض و مقاصد اور سپورٹس ایونٹ کے حوالہ سے بچوں کے درمیان مقابلوں اور سکول انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی سہولیات سمیت کھلاڑیوں کی گذشتہ کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ ڈائریکٹر ایکٹویٹی محمد حنیف نے سپورٹس گالہ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور اساتذہ کے حوصلوں کی تعریف کی اور کھیلوں کے مقابلوں کی افادیت اور مثبت نتائج پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلم ایجوکیشن سسٹم سپورٹس گالا سپورٹس فار پیس کیلئے کرایا جا رہا ہے، ہم پرامن قوم اور امن کے شہدائی ہیں اور امن کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرنے والے کسی بھی میدان میں شکست نہیں کھاتے اور ہمیشہ دوسرے کی مدد کو ترجیح دیتے ہیں، کھیلوں کی بہتری سے ملک و قوم کا نام روشن ہوتا ہے۔

انہوں نے سپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر کھلاڑیوں کے کردار کو سہرایا اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے کھیلوں کی تیاری کیلئے بچوں کی مثبت کوچنگ کی اور اس موقع پر راشد علی اعوان ڈائریکٹر سپورٹس مسلم ایجوکیشن سسٹم نے مقابلوں کی تفصیلات شیئرز کی اور کھیلوں میں حصہ لینے والے کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ سپورٹس کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔

پہلے دن کے مقابلوں کے دوران فٹ بال کالج سائیڈ کی ٹیموں میں جناح ہائوس اور سرسید ہائوس نے کامیابی حاصل کی جبکہ کرکٹ میں اقبال ہائوس، سرسید ہائوس اور ٹیپو ہائوس نے اپنے اپنے میچز جیتے، اتھلیٹکس کے مقابلوں کے دوران 100 میٹر کی دوڑ سہیل سرسید ہائوس نے اپنی نام کی جبکہ 200 میٹر اسامہ ٹیپو ہائوس نے جیتی جبکہ 400 میٹر حمزہ ٹیپو ہائوس نے جیتی۔

اس موقع پر سکول کی کشادہ گرائونڈ میں فٹ بال، کرکٹ اور بیڈمنٹن سمیت اتھلیٹکس کے مقابلوں کا انعقاد کروایا گیا اور سکول کے طلباء نے خوب انجوائے کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ سپورٹس گالہ کی ہفتہ واری تقریبات جاری رہیں گی جس کے دوران مختلف مقابلوں کا انعقاد کروایا جائے گا اور کامیاب کھلاڑیوں میں ایوارڈ اور میڈل تقسیم کئے جائیں گے۔