سرکاری ملازمین دست و بازو ہیں،

عوام اور ملازمین کے حقوق کا دفاع ان کی ترجیحات ہیں، تحصیل ناظم ایبٹ آباد

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 12:39

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحق ذکریا نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین ان کے دست و بازو ہیں، عوام اور ملازمین کے حقوق کا دفاع ان کی ترجیحات ہیں، ٹی ایم اے میں موجود کرپٹ مافیا اور کالی بھیڑیں ان کے اصل ہداف ہیں، قومی خزانہ کو لو ٹنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کر کے شفافیت لائی جائے گی، عوام نے ہمیں علاقائی مسائل اور درپیش مشکلات دور کرنے کیلئے منتخب کیا جس کیلئے اپنی تمام تر توانیاں بروئے کار لائیں گے، سرکاری ادواروں کو حقیقی طور پر عوام کا خادم بنائیں گے۔

وہ ٹی ایم اے ملازمین کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس سے تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد اور آل ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل کے صدر شوکت کیانی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تحصیل ناظم نے کہا کہ ملازمین کے حقوق کا تحفظ تحصیل کونسل کی ذمہ داری ہے تاہم ملازمین اپنی تمام تر توجہ عوامی مسائل کے حل پر مرکوز رکھیں تاکہ میونسپل سروسز کی فراہمی کا فرض احسن طریقہ سے پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنے ووٹوں سے ان کو کامیاب کروا کر تحصیل کونسل میں بھیجا، ہمارے کاندھوں پر عوامی مسائل حل کرنے اور ان کو سہولیات کی فراہمی کی بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند کالی بھیڑیں پورے محکمہ کو بدنام کر رہی ہیں جن کی ہر حال میں نشاندھی اور محاسبہ ناگزیر ہو چکا ہے، عوامی مسائل کے حل کیلئے آخری حد تک جانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

تحصیل کونسل ایبٹ آباد نے ملازمین کی حوصلہ افزائی کیلئے انکروچمنٹ سکواڈ میں کیش پرائز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ قبل ازیں تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحق ذکریا، نائب تحصیل ناظم سردار شجاع احمد نے انکروچمنٹ سکواڈ میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر تحصیل ناظم محمد اسحاق ذکریا نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ ٹی ایم اے کی اولین ترجیح اور اس سلسلہ میں میں تجاوزات مافیا کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، انکروچمنٹ سکواڈ کا عملہ داد کا مستحق ہے جنہوں نے اپنی بہترین حکمت عملی اور کوشش سے تجاوزات گرائیں۔

تحصیل کونسل ملازمین کی حوصلہ افزائی کیلئے آئندہ بھی اسی قسم کے پروگراموں کا انعقاد کرتی رہے گی تاکہ اس میں مزید بہتری کی گنجائش پیدا کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :