ضلع کولئی پالس میں بہترین ایڈمنسٹریشن کے ذریعہ عوام کا معیار زندگی بلند کریں گے، ڈپٹی کمشنر فرحت الله مروت

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 12:39

کوہستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر کولئی پالس فرحت الله مروت نے کہا ہے کہ ضلع کولئی پالس میں سرکاری افسران و اہلکار جنگی بنیادوں پر اپنے اپنے محکموں کی بہتری کیلئے اپنی تجاویز مرتب کر کے سرکاری محکموں میں نئے بھرتیوں کیلئے 15 دنوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے تاکہ سرکاری محکموں میں سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے سنگشن ڈیمانڈ فنانس ڈیپارٹمنٹ کو بھیجی جا سکے۔

وہ گذشتہ روز نئے ضلع کولئی پالس کے ضلعی افسران کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ضلعی افسران اسسٹنٹ کمشنر پالس سہیل عزیز، تحصیلدار پالس کریم گل، ایس ڈی ایف او محمد انور، ایس ڈی او میل عبدالله، ڈی ایس پی پولیس پالس حبیب الرحمن، ٹی ایم او پالس امداد خان، ایم او محمد گھیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ظاہر شاہ، انچارج جی ایم ایس فخرالدین اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نئے ضلع کولئی پالس کے حوالہ سے کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نئے ڈپٹی کمشنر کولئی پالس کوہستان فرحت الله مروت نے کہا کہ نیا ضلع جہاں عوام کیلئے خوشی کا با عث ہے مگر یہ یہاں کے ضلعی انتظامیہ کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے، ہم نے یہاں ایک بہترین ایڈمنسٹریشن قائم کر کے یہاں کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔

اجلاس میں سرکاری افسران پر زود دیا گیا کہ وہ اپنی ڈیوٹی پر خصوصی توجہ دے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کریں، دوسرا یہ کہ ہر ایک کی کارکردگی کو عوام کے پیرا میٹرز اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دیئے گئے ٹائم لائن پر فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری محکمے اپنے اپنے محکموں میں سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 15 دنوں کے اندر اپنی تجاویز ڈپٹی کمشنر آفس کو بھیجیں تاکہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعہ سٹاف کی کمی پورا کیا جا سکے، اس طرح ضلع کے دونوں بڑے دیہاتوں بٹیڑہ اور پالس میں ہر ماہ کھلی کچہری کا انتظام کیا جائے گا تاکہ عوام کی بنیادی مشکلات مقامی سطح پر جلد حل ہو سکیں۔

اس طرح ضلع کولئی پالس کوہستان میں سیاحت کے فروغ اور یہاں سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایس ڈی ایف او اور ٹی ایم او کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جو یہاں اپنی تجاویز ضلعی افسران کو پیش کرے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر یہاں صفائی کا انتظام کیا جائے گا تاکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول میسر ہو۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ علاقہ میں ٹرانسپورٹ اڈوں کیلئے بھی مناسب انتظام کیا جائے اور اس سلسلہ میں ٹی ایم اے کو ہنگامی ہدایت جاری کی گئی۔ اجلاس میں ضلع کے عوام کی شکایات اور تجاویز کیلئے فیس بک پیج، واٹ سپ اور ڈی سی کولئی پالس کوہستان کا پیج فوری طور پر کھولنے کا فیصلہ ہوا تاکہ عوام کی تجاویز کی روشنی میں نئے ضلع کی عوام کی خدمت ہو سکے۔ اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر کولئی پالس فرحت الله مروت نے مزید کہا کہ یہاں کے عوام نے جو توقعات ہم سے وابستہ کی ہے سرکاری افسران اپنی بہترین صلاحیتوں کے ذریعہ اس پر پورا اترنے کیلئے دن رات ایک کریں تاکہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔