ڈپٹی کمشنر نے غازی سے ہر قسم کی لکڑی باہر لے جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 12:39

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر ہری پور نے تحصیل غازی سے ہر قسم کی لکڑی باہر لے جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق غازی میں عوامی مسائل کی کھلی کچہری میں لوگوں نے شکایت کی تھی کہ غازی سے روزانہ ٹنوں کے حساب سے لکڑی ضلع صوابی جا رہی ہے اور تحصیل غازی کے گردونواح میں جنگلوں کی بے دریغ کٹائی کا سلسلہ جاری ہے جس پر ڈپٹی کمشنر ہری پور فیاض علی شاہ نے فوری طور پر تحصیل غازی سے لکڑی باہر لے جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی۔

ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود ایس ایچ او تھانہ غازی بابر خان کو ہدایت کی کہ فوری طور پر اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اورخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے، اگرکوئی شخص اپنی ملکیتی لکڑیوں کی بھی کٹائی کرتا ہے تو اسے بھی اجازت نامہ لینا چاہئے۔ کھلی کچہری میں موجود لوگوں نے ڈپٹی کمشنر ہری پور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وقتاً فوقتاً کھلی کچہری کا اہتمام کر کے عوامی مسائل کو حل کریں گے ۔