ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی سرکاری واجبات کی ریکوری کی رفتار کو مزیدتیز کرنے کی ہدایت

ریکوری ٹارگٹ پوران نہ کرنے والے ریونیو آفیسر زکو ضلع بدرکر دیا جائے گا ،ْ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 12:33

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے سرکاری واجبات کی ریکوری کی رفتار کو مزیدتیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریکوری ٹارگٹ پوران نہ کرنے والے ریونیو آفیسر زکو ضلع بدرکر دیا جائے گا۔ اگلے اجلاس میں ریونیو کے بقایا جات کا پٹواری وائز جائزہ لیا جائے گا اور ٹارگٹ پورانہ کرنے والے ریونیو آفیسر ز کو بھی اجلاس میں بلایا جائیگا ریونیو آفیسرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے لوکل ریٹ کے واجبات کی وصولی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے واجبات کی سو فیصد وصولی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

اجلاس کو بتایا گیاکہ گذشتہ ماہ آبیانے کے 32 لاکھ 56ہزار روپے کے واجبات کی وصولی کی گئی جو کل وصولی کا 73فیصد سے زائد رہا جبکہ آبیانے کے گذشتہ سالوں کے 41لاکھ 96ہزار روپے کے واجبات کی وصولی کی گئی اور تاوان کے 44ہزار واجبات کی وصولی کی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گذشتہ ماہ زرعی انکم ٹیکس کے چار لاکھ بارہ ہزار کے واجبات کی ریکوری کی گئی اور لوکل ریٹ کے بائیس ہزار روپے کے واجبات وصول ہوئے ۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور اے ڈی ایل آرز کو لینڈ ریکارڈ کی سو فیصد کمپیوٹرائزیشن کیلئے اسی ماہ 30اکتوبر کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن پر فوکس کئے ہوئے ہے یہ کام ہر صورت مکمل ہو نا ہے ا س میں بعض ریونیو اہلکار رکاوٹ ڈال کر اس میں تاخیر کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ز کو کمپیوٹرائزیشن کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر کے اس کی پراگریس رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کی ۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو اس کام کومقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے دن رات کام کرنے اور ضرورت پڑے تو مزید آدمیوں سے ٹیم ورک پیدا کر کے تنخواہ پر کام لینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ غفلت پر ریونیو آفیسرز کے خلاف ایکشن ہو گا او رانہیں سرنڈر کر دیا جائے گاجبکہ اچھا کام کرنے پر ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بھی دی جائے گی ۔