مصر،عسکریت پسندوں سے جھڑپ میں 16 پولیس اہل کار ہلاک

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 09:40

قاہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) مصر کے مغربی صحرا ئی علاقے میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانے پر چھاپے کے دوران کم ازکم 16 پولیس اہل کار ہلاک ہوگئے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک رپورٹ میں سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ایک اپارٹمنٹ میں حاصم گروپ کے 8ارکان روپوش ہیں جو گذشتہ سال قاہرہ میں ججوں اور پولیس اہل کاروں پر حملوں میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

پولیس نے اپارٹمنٹ کو گھیرے میں لے کر انہیں حراست میں لینے کی کوشش کی۔جب عسکریت پسندوں کو احساس ہوا کہ فرار کے تمام راستے بند ہوچکے ہیں تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔جس کے نتیجے میں پولیس اہل کار ہلاک ہو گئے۔ اس دوران پولیس کی مزید کمک بلائی گئی تاہم عسکریت پسندوں نے بعد میں آنے والے پولیس اہل کاروں پر بھی فائرنگ جار ی رکھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے دھماکہ خیز مواد بھی استعمال کیا۔فائرنگ کے تبادلے میں 8 پولیس اہل کار زخمی بھی ہوئے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

متعلقہ عنوان :