وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون سمیت تجارتی اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق،پاکستان اور ترکی قریبی دوست اور شراکت دار ہیں، ہمیشہ ایک دوسرے کا ہر مشکل گھڑی میں ساتھ دیا،پاکستان ترکی کے دوستوں کو اپنا دوست اور دشمنوں کو اپنا دشمن سمجھتا ہے،کبھی بھی اپنی سرزمین برادر ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ترکی کے وزیراعظم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 00:20

استنبول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے مختلف شعبوں میں تعاون سمیت تجارتی اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ جمعہ کو دونوں رہنمائوں کے درمیان ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس کے موقع پر ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترکی کے وزیراعظم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 9ویں ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس کی کامیاب میزبانی اور چیئرمین شپ سنبھالنے پر ترکی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی قریبی دوست اور شراکت دار ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ہر مشکل گھڑی میں ساتھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان ترکی کے دوستوں کو اپنا دوست اور دشمنوں کو اپنا دشمن سمجھتا ہے اور کبھی بھی اپنی سرزمین برادر ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارایت کیلئے جدوجہد کرنے والے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حمایت کرنے پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے روہنگیا مسلمانوں اور فلسطینیوں کیلئے بھی آواز اٹھانے پر ترکی کی تعریف کی۔