ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی جائزہ کمیٹی کا شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کا دورہ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:53

سکھر۔20اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی جائزہ کمیٹی نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے مختلف شعبہ جات میں 2013سے پیش کردہ ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام کا جائزہ لینے کیلئے یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ کمیٹی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر نبی بخش جمانی، قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کی ڈاکٹر بشریٰ مرزا، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور ٹیکنالاجی لاہور کے ڈاکٹر توصیف، بحریہ یونیورسٹی کراچی کے ڈاکٹر فاروق اعظم چیمہ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ڈاکٹر سعید بوزدار ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سلیمان احمد اور حمیرا قدوس پر مشتمل تھی۔

کمیٹی نے وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ سے ملاقات کی اور ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے مختلف امور جیسے داخلہ، کوالٹی ایشورنس و دیگر امور پر گفت و شنید کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کمیٹی کو یونیورسٹی کی جانب سے تحقیق کی مضبوطی کیلئے پیش کردہ پروگرام ، یونیورسٹی کی تدریس، اور ترقی کے بارے میں بتایا۔ کمیٹی کے ممبران نے مختلف فیکلٹیوں کے ڈین صاحبان اور تدریسی شعبہ جات کے سربراہوں سے بھی ملاقات کی۔

علاوہ ازیں کمیٹی ممبران نے مختلف شعبہ میں رجسٹرڈ ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی محققین سے بھی ملاقات کی۔ دورے کے دوران پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق مہر ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل،پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی رجسٹرار اور پروفیسر ڈاکٹر غلام محی الدین ویسر ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز بھی موجود تھے۔