ضلع کوئٹہ میں نوحصار، اغبرگ کے علاقے میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:29

کوئٹہ ۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) محکمہ لائیواسٹاک کے زیراہتمام ترقیاتی اسکیم برائے آگاہی مہم لائیواسٹاک پروڈکٹس اور بیماریوں سے بچاؤ کے تحت ضلع کوئٹہ میں نوحصار، اغبرگ کے علاقے میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں چھوٹے بڑے جانوروں کو مفت علاج معالجے، ویکسین اور اندرونی وبیرونی کرموں کے خاتمے کی ادویات استعمال کرائی گئیں۔

کیمپ میں مالداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کیمپ میں تقریباً 2765جانوروں کو اندرونی کرموں کے خاتمے اور مختلف بیماریوں کی ادویات فراہم کی گئیں اور تقریباً 3200جانوروں کی ویکسین کی گئی۔ کیمپ میں ڈائریکٹر جنرل لائیواسٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ بلوچستان کوئٹہ ڈاکٹر غلام حسین جعفر، ڈائریکٹر پلاننگ پراجیکٹ، ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالحمید مستوئی، ڈویژنل ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویژن ڈاکٹرنصراللہ آغا نے بھی شرکت کی اور مالداروں کو جانوروں کی بیماریاں اور آگاہی مہم کے بارے میںمفید معلومات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر لائیواسٹاک کوئٹہ ڈاکٹر جمعہ خان بابڑ اور کیمپ انچارج ڈاکٹر سید ظفراقبال اور باقی عملے نے علاقے کے تمام مالداروں کا کیمپ کے انعقاد کو کامیاب کرنے پر شکریہ ادا کیا اور مالداروں کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بھی محکمہ امور حیوانات مالداروں کی خدمت کے لئے ہمہ وقت تیار اور کوشش کرتا رہے گا تاکہ صوبے کی ترقی اور کوالٹی لائیواسٹاک کی پروڈکٹ اور اس شعبے کو مزید منافع بخش بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :