ملک میں بسنے والی اقلتیں محب وطن ہیں،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:29

سیالکوٹ۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی اقلتیں محب وطن ہیں، ملکی قوانین انہیں مکمل آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے اور اپنے مذہب کی تعلیمات کے مطابق زندگی گذارنے کی اجازت دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیرس روڈ پر مقامی مندر میں دیوالی کی تقریب میں ہندو برادری کے افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی کمشنر نے ہندو برادری کے مقامی راہنمائوں کے ہمراہ دیوالی کا کیک کاٹا اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق حکومت پنجاب کیطرف سے ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو100جوڑے کپڑوں کا تحفہ دیا، اے ڈی سی جی میثم عباس، میئر سیالکوٹ توحید اختر چوہدری ، ہندو برادری کے راہنما شادی لال و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے دیوالی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد دی اور کہا کہ خوشی کے اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں حکومت پنجاب، سیالکوٹ سے منتخب قیادت، ملک بھر کیطرح سیالکوٹ میں بسنے والے تمام افراد شریک ہیں اور انہیں مذہبی تہوار پرامن طریقے سے منانے کیلئے سکیورٹی سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں آباد ہندو برادری شہر اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، حکومت اور انتظامیہ انکے حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے اور انہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔

انہوںنے اتحاد بین المذاہب کمیٹی میں ہندو برادری کے ممبران کے کردار کو سراہا اور امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنا موثر کردار آئندہ بھی ادا کرتے رہیں گے۔مئیر سیالکوٹ توحید اختر چوہدری نے مسلم لیگ ن کی قیادت وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، صوبائی وزیر بلدیاتی منشا اللہ بٹ کیطرف سے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ میونسپل کارپوریشن ہندو براداری کی ان خوشیوں میں شامل ہے۔

ہندو برادری کے راہنما شادی لال نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید ، اے ڈی سی جی میثم عباس، میئر توحید اختر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انکی آمد سے ہندو برادری کی خوشیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوںنے تحائف بھجوانے پر وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا۔